کراچی (بگ ڈیجٹ) کراچی ویسٹ میں پانی اور سیوریج کے مسائل برقرار ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کراچی ویسٹ نے کے ڈبلیو ایس بی کے خلاف شہری شکایات مینیجنگ ڈائریکٹر کو بھیجیں، لیکن کوئی عملی اقدام سامنے نہیں آیا۔ کمشنر کراچی شکایات پورٹل پر موصولہ مراسلہ نمبر DC/ADC-II/K/W/7421/2025 کے مطابق اورنگی ٹاؤن، رضویہ اور دیگر علاقوں سے 22 شکایات درج ہوئیں۔ شہریوں نے پانی کی قلت، سیوریج کی بندش اور کے ڈبلیو ایس بی عملے کی مسلسل غفلت کی نشان دہی کی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مسائل شدت اختیار کر چکے ہیں۔ پی ٹی آئی, ایم کیو ایم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے منتخب تمام نمائندے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ تمام منتخب نمائندے متاثرہ علاقوں کی عوام کے لئے وبال جان بمے ہوئے ہیں جنہیں عوام کے مسائل کا زرا بھی احساس نہیں ہے۔ نیو میانوالی کالونی یوسی 14 میں صورتحال مزید خراب ہے۔ یہ علاقہ کاروباری مرکز ہے مگر انتظامی عدم توجہی نے زندگی مشکل بنا دی ہے۔ ٹریفک افراتفری، تجاوزات اور صفائی کی ناکامی سے چوک اور اطراف مسلسل متاثر ہیں۔ سیوریج نالہ بند ہے جس سے کوائری کالونی، اقبال نگر، بنارسی محلہ، اعوان کالونی، حسن زئی اور گلگتی محلہ کا پانی جمع ہو رہا ہے۔ نالے پر تجاوزات اور عملے کی غفلت نے صورتحال بگڑ دی ہے۔ طلبہ، نمازی، خریداری کرنے والے شہری سب متاثر ہیں۔ علاقہ مکین اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی، تجاوزات کا خاتمہ، نالے کی صفائی اور ٹریفک و صفائی نظام کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

