راولپنڈی (بگ ڈیجٹ)(آئی پی ایس) جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ویمن ونگ کی صدر کنول شوزب نے امریکہ جانے کی اجازت کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت میں درخواست دائر کر دی ہے۔
یہ درخواست ان کے وکیل محمد فیصل ملک ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کنول شوزب گزشتہ دو برسوں سے اپنے بیٹے سے ملاقات نہیں کر سکی ہیں۔درخواست کے متن کے مطابق، 18 مئی کو کنول شوزب کے بیٹے کی گریجوایشن تقریب ہے جس میں کالج کی جانب سے انہیں باضابطہ دعوت دی گئی ہے۔
درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انہیں ایک ماہ کے لیے امریکہ جانے کی اجازت دی جائے۔عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد استغاثہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 5 مئی مقرر کر دی ہے۔ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کریں گے۔