لندن (بگ ڈیجٹ)(آئی پی ایس) پاکستان کے ہائی کمشنر برائے برطانیہ، ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت کی جانب سے مبینہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن پر سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے “جھوٹ پر مبنی الزام تراشی” قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے بغیر کسی ثبوت کے لگائے گئے الزامات ناقابل قبول ہیں اور پاکستان اس قسم کی مہمات کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرتا رہے گا۔
غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کا ارتکاب کیا تو پاکستان 2019 کی طرح منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا، “یہ کسی بھی خودمختار ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی سرزمین اور عوام کے تحفظ کے لیے فوری اور موثر اقدام کرے۔”انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک متنازعہ مسئلہ ہے جس کا حل کشمیری عوام کی مرضی اور رائے سے ہی ممکن ہے۔ “بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کیے گئے اپنے وعدوں سے انحراف کر رہا ہے، جو کہ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے”،
ڈاکٹر فیصل نے کہا۔پاکستانی ہائی کمشنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان جنگ کا خواہاں نہیں، بلکہ پرامن حل اور معتبر شواہد کی بنیاد پر بامعنی بات چیت کا حامی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے فالس فلیگ آپریشنز جیسے اقدامات کا نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔