راولپنڈی (بگ ڈیجٹ):خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف 3 مختلف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن میں 5 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 کو گرفتار کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز کے دوران ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گرد فرید اللہ مارا گیا، جو کئی سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔ سیکیورٹی فورسز نے ضلع مہمند میں بھی آپریشن کیا، جہاں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی موجودگی دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے جاری رہے گی تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان اور باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے پانچ خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کرنے اور مہمند میں دو خارجیوں کی گرفتاری پر سیکیورٹی اداروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا کہ ایک انتہائی مطلوب خارجی سرغنہ کو جہنم واصل کرنے اور دوسرے انتہائی مطلوب دہشتگرد کو گرفتار کرنے پر پوری قوم کو سیکیورٹی فورسز کی اس کامیابی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ “انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔”انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف یہ جدوجہد نہ صرف قومی سلامتی بلکہ علاقائی استحکام کے لیے بھی ناگزیر ہے۔یہ حالیہ آپریشنز پاکستان کی انسداد دہشتگردی حکمت عملی میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں، جس میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائیاں اور دہشتگردوں کے نیٹ ورکس کی بیخ کنی شامل ہے۔