LOADING

Type to search

اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر انتقال کر گئے

Share this to the Social Media

اسلام آباد (بگ ڈیجٹ):مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ، ممتاز عالم دین اور سینئر سیاستدان سینیٹر پروفیسر ساجد میر 87 برس کی عمر میں قضائے الہٰی سے وفات پا گئے۔ ان کی نماز جنازہ آج رات 10 بجے ان کے آبائی شہر سیالکوٹ میں ادا کی جائے گی۔

پروفیسر ساجد میر کا انتقال ان کے آبائی گھر سیالکوٹ میں ہوا۔ ذرائع کے مطابق وہ گزشتہ ایک ماہ سے علیل تھے اور حال ہی میں ان کے مہروں کا آپریشن ہوا تھا، جبکہ دس برس قبل ان کے دل میں اسٹنٹ بھی ڈالا گیا تھا۔

مرحوم 1938ء میں سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ وہ گزشتہ 40 برس سے مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ چلے آ رہے تھے اور اہل حدیث مکتب فکر کی اہم ترین شخصیات میں شمار ہوتے تھے۔ انہیں پانچ بار ایوان بالا، یعنی سینیٹ آف پاکستان کا رکن منتخب کیا گیا۔ سینیٹ میں ان کا کردار اعتدال، دیانت اور دینی وقار کا مظہر سمجھا جاتا تھا۔

پروفیسر ساجد میر کا شمار سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے قریبی رفقا میں ہوتا تھا۔ وہ علمی و فکری دنیا میں بھی نمایاں مقام رکھتے تھے اور انہوں نے کئی کتب تصنیف کیں۔ ان کی معروف کتاب ”عیسائیت: ایک مطالعہ و تجزیہ“ علمی حلقوں میں خاصی پذیرائی حاصل کر چکی ہے۔

مرحوم نے دو بیٹے، ایک بیٹی اور ایک بیوہ کو سوگوار چھوڑا ہے۔ ان کی وفات پر ملک بھر کے دینی و سیاسی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور انہیں ایک علم دوست، باوقار اور اصول پسند رہنما کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *