اسلام آباد (بگ ڈیجٹ)(عباس بیگ مرزا) برطانیہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن میٹ کینل کو وزارت خارجہ طلب کرکے برطانیہ میں انتہائی اشتعال انگیز اور قابلِ اعتراض واقعے پر “ڈیمارش” جاری کیا گیا کیا گیا ‘ بریڈفورڈ میں ایک سیاسی جماعت کے آفیشل اکاؤنٹ کو برطانیہ میں مظاہرین جمع کرنے کے لیے استعمال کیا گیا، مظاہرین نے چیف آف ڈیفنس فورسز کے خلاف انتہائی اشتعال انگیز اور قابلِ اعتراض زبان استعمال کی، احتجاج کے دوران فیلڈ مارشل کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ انہیں ایک کار بم دھماکے میں قتل کر دیا جائے گا’ حکومتِ پاکستان نے برطانیہ کی سرزمین سے دی جانے والی ان دھمکیوں کا سخت نوٹس لیا ہے اور زور دیا ہے کہ برطانیہ اپنی سرزمین کو پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے استعمال نہ ہونے دے’ حکومت پاکستان نے برطانوی حکومت سے منفی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کیلئے ہوم آفس کو خط لکھ دیا، خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ایسی ویڈیو زیرگردش ہیں جس میں آرمی چیف کو قتل کرنےکا مطالبہ کیا جارہا ہے، یہ مواد نہ بیان بازی اور نہ ہی سیاسی ہے، یہ واضح طور پر اقوام متحدہ کے رکن ملک کی اعلیٰ فوجی شخصیت کے قتل پر اکساتا ہے’ پاکستان کی جانب سے لکھے گئے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اور اس سے منسلک پلیٹ فارمز کے پاکستان میں تشدد، نفرت اور بڑے پیمانے پر بےامنی پھیلانے کی تحقیقات کی جائے، پاکستان میں تشدد پر اکسانے اور بے امنی پھیلانے پر پی ٹی آئی پرفیصلہ کن قانونی وانتظامی کارروائی کی جائے جس میں اس پرپابندی بھی شامل ہو’ حکومت پاکستان کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کی خاموشی کو غیر جانبداری نہیں سمجھا جائے گا اور اس کے باہمی اعتماد اور تعاون پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے، پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور توقع ہے کہ اس معاملے سے فوری قانونی طور پر نمٹا جائے گا