اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے صدر مولانا محمد ابوبکر حمید صابری نے کہا کہ اسلام واحد دین ہے جس نے عورت کو حقیقی عزت، مقام اور تحفظ فراہم کیا ہے، جبکہ مغربی تہذیب نے عورت کو ایک قابلِ فروخت ماڈل بنا کر اس کے وقار کو مجروح کیا ہے۔ انھوں نے کہا سیدۂ کائنات حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت، کردار اور اسوۂ مبارکہ کو امتِ مسلمہ خصوصاً خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہیں ، محمد ابوبکر حمید صابری،
نے اسلامی حجاب کو خواتین کا وقار، محافظ اور حسن قرار دیتے ہوئے اس کے تحفظ پر زور دیا اور اتحادِ امت و بین المسالک ہم آہنگی کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔
پاکستان علماء کونسل اسلام آباد کے صدر مولانا محمد ابوبکر حمید صابری نے وطنِ عزیز پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقتدر حلقوں سے مثبت کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا، جبکہ دہشت گردی کو ہر صورت قابلِ مذمت قرار دیا گیا۔ اور اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی گئی اور فلسطینی خواتین کی قربانیوں کو سیرتِ سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا عملی مظہر قرار دیا گیا۔
انھوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان سمیت پورے عالمِ اسلام میں یومِ خواتین کے طور پر سیدۂ کائنات حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کا یومِ ولادت منایا جائے مسئلہ کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، امتِ مسلمہ کی وحدت اور مظلوم مسلمانوں کی نصرت کے لیے خصوصی دعا کروائی گئی