اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) شاہ اللہ دتہ ہاؤس میں یونین کونسل 115 کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس
اسلام آباد کے علاقے شاہ اللہ دتہ ہاؤس میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں یونین کونسل شاہ اللہ دتہ / پنڈ سنگریال (یونین کونسل نمبر 115) کے معززینِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کی میزبانی فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام اور سابق ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان علی نقوی نے کی۔
مشاورتی اجلاس میں یونین کونسل 115 کے آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ یونین کونسل نمبر 115 نو وارڈز پر مشتمل ہے اور ان نو وارڈز سے نو کونسلرز کے انتخابات ہونے ہیں۔اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو آنے والے انتخابات میں نو وارڈز سے کونسلر کے لیے کھڑے ہونے والے امیدواروں کے ناموں کا تعین کرے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سید ذیشان علی نقوی نے کہا کہ امیدواروں کے انتخاب کا عمل شفاف، باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے مکمل کیا جائے گا اور علاقے کے عوام کی رائے کو ترجیح دی جائے گی۔
اجلاس کے آخر میں امیدواروں کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔مشاورتی اجلاس خوشگوار، منظم اور تعمیری ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔