اسلام آباد: (پ ر: مورخہ 20 نومبر، 2025)(بگ ڈیجٹ): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعرات کے روز 78ویں ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی اے-ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں پلاننگ، ڈویلپمنٹ اینڈ اسپیشل انیشیٹیوز ڈویژن، وزارت داخلہ، فنانس ڈویژن کے سینئر افسران، سی ڈی اے بورڈ کے ممبران سمیت متعلقہ فارمیشنز اور پراجیکٹ کنسلٹنٹس کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق، سی ڈی اے-ڈی ڈبلیو پی کے 78 ویں اجلاس میں دارالحکومت اسلام آباد کیلئے اہم منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اسلام آباد کنونشن، ایکسپو اور ایگزیبیشن سینٹر (NICEEC) کی تعمیر کے منصوبہ کا 19.371 ارب روپے کا پی سی ون منظور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ سینٹر کثیر المقاصد ہوگا جہاں قومی و بین الاقوامی کنونشنز، نمائشوں اور ثقافتی تقریبات کا انعقاد کیا جاسکے گا۔ یہ سینٹر اسلام آباد کو تجارت، جدت اور ثقافتی تبادلے کے مرکز کے طور پر مضبوط کرے گا اور سال 2027 میں ہونے والے ایس سی او سمٹ کی میزبانی بھی اسی کنونشن سینٹر میں کی جائے گی۔ اس منصوبے کی تکمیل کا دورانیہ 18 ماہ مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں اسلام آباد کے مختلف مقامات پر 6 اسٹیل کے پیدل چلنے والوں کیلئے پُل (پیڈسٹرین برجز) تعمیر کرنے کا منصوبہ 574.682 ملین روپے کی لاگت سے منظور کیا گیا۔ ان پلوں کی تعمیر سے حادثات میں کمی، ٹریفک جام میں بہتری اور اسکول کے بچوں، بزرگوں اور معذور افراد کو بہترین سہولیات میسر آئیں گی۔ اس منصوبے کی تکمیل کا دورانیہ 18 ماہ ہوگا۔
اجلاس میں شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بھی کئے جانے والے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ منصوبے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ترقی اور شہریوں کی سہولیات میں بہتری کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو دنیا کا بہترین دارالخلافہ بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ شہریوں کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔