رحیم یارخان (بگ ڈیجٹ)(بیوروچیف جہانگیرحسین)ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ نے رحیم یار خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، صدر ولید احمد، سینئر نائب صدر شہیر اقبال اور نائب صدر افضال احمد و ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز قاری ظفر اقبال شریف نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ چیمبر صدر ولید احمد نے کہا کہ اس ملاقات کا بنیادی مقصد ضلعی انتظامیہ اور کاروباری برادری کے درمیان بہتر ین روابط قائم کرنا ہے انہوں نے کہا کہ کاروباری کمیونٹی محفوظ اور سازگار ماحول میں ترقی کرنا چاہتی ہے اور ضلعی انتظامیہ کے مسلسل تعاون سے یہ ممکن ہے۔ چیمبر اور انتظامیہ کا مشترکہ تعاون شہر میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا ضامن ہے۔ چیئرمین انجمن تاجران عابد حسین باجوہ نے کہا کہ گورنمنٹ کی جانب سے قوانین بنتے ہیں اور بزنس کمیونٹی پر لاگو کر دیے جاتے ہیں جس سے بزنس کمیونٹی متاثر ہوتی ہے جب بھی کوئی پالیسی بنائی جائے تو متعلقہ سیکٹر سے تجاویز لی جائیں تاکہ لوگوں کے کاروبا ر متاثر نہ ہوں۔دوسرا رحیم یار خان میں امن وامان کی صورت حال شدید خراب ہے جس کی وجہ سے بزنس کمیونٹی اور عام شہریوں میں خوف وہراس کی فضاء قائم ہے۔ سابق سینئر نائب صدر خلیل احمد نے تجویز پیش کی کہ خانپور، لیاقت پور اور صادق آباد سمیت تمام تحصیلوں کی انجمن تاجران کے لیے ایک فوکَل پرسن مقرر کیا جائے جو تاجر برادری کے مسائل براہ راست ڈپٹی کمشنر آفس تک پہنچاکر مسائل کو حل کروا سکے۔انہوں نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اغواء برائے تاوا ن کی وارداتوں کی وجہ سے صادق آباد کا کوئی بھی شہری محفوظ نہیں ہے آپ بطور ڈپٹی کمشنر اس پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ضلع رحیم یار خان سےاغواء برائے تاوا ن کی واردتوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔سابق سینئر نائب صدر شوکت حیات نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ جب بنائے جاتے ہیں تو ہمیں پتہ ہی نہیں ہوتا اور ہمارے اوپر مسلط کر دیے جاتے ہیں بزنس کمیونٹی کو ہراساں کیا جاتا ہے ڈیپارٹمنٹ بنانے کا مقصد سسٹم میں بہتری لانا ہونا چاہیے نہ کہ جس سے خوف و ہراس کی فضاء قائم ہو۔ ہماری آپ سے گزارش ہے کہ تمام ڈیپارٹمنٹس کو ہدایات جاری کی جائیں کہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کریں جس سے محکمہ کا کا م بھی با آسانی ہوگا اور بزنس کمیونٹی کو بھی تحفظ حاصل ہو گا۔فاؤنڈر ممبرحافظ عبدالرزاق نے کہا کہ تاجر ہمیشہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے آئے ہیں لیکن تاجروں کو ہمیشہ ہی ہراساں کیا جاتا ہے۔ تاجروں کا جو حق ہے وہ انہیں دیا جائے تاجروں کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے یہی کاروباری برادری کی پہچان ہے جس کی وجہ سے ملکی معشیت کا پہیہ چلتا ہے۔ کاروباری برادری کے ساتھ ہتک آمیزرویہ نہ اختیار کیا جائے۔ سابق صدر خواجہ بشر احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ضلع تب ہی ترقی کر سکتا ہے جب بزنس کمیونٹی کو تحفظ فراہم ہو گا۔سابق ریجنل چئیرمین ایف پی سی سی آئی و گروپ لیڈر رحیم یار خان چیمبر عبدالرؤف مختار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری آپ سے گزارش ہے کہ رحیم یار خان میں رحیم یارخان کے آغاز میں ایک بائی پاس قائم ہونا چاہیے جس کی رحیم یار خان کو اشد ضرورت ہے دوسری گزارش رحیم یارخان میں قبرستان کی جگہ موجود نہیں جو ہے وہ کافی نہیں لہذا کم از کم رحیم یار خان میں چار ایکٹر جگہ قبرستان کے لیے مختص کی جائے۔نائب صدر افضال احمد نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے ایک مربوط نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر تاجروں کی سہولت اور رہنمائی کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہا ہے اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر کاروباری فضاء کو مزید مستحکم بنا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ رحیم یار خان کی تاجر برادری اس ضلع کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے انتظامیہ کا فرض ہے کہ تاجروں کے لیے محفوظ، شفاف اور کاروبار دوست ماحول فراہم کرے مسائل جہاں کہیں بھی موجود ہوں، ہم انہیں حل کرنے کے لیے پوری سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ چیمبر آف کامرس اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطہ شہر میں بہتر حکمرانی اور معاشی استحکام کا باعث بنے گامیں یقین دلاتا ہوں کہ تاجر برادری کے تمام جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گےاور مشترکہ کوششوں سے ضلع میں معاشی سرگرمیوں کو مزید مضبوط کیا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہر اس اقدام کے لیے تیار ہے جو کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کرے اور سرمایہ کاری میں اضافہ کا سبب بنے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہ کہ ضلعی انتطامیہ کی جانب سے فوکل پرسن رانا ریاست کو متعین کرتا ہوں آپ چیمبر کی جناب سے ایک فوکل پرسن تعینات کر دیں جو کہ چیمبر ممبران کے مسائل ضلعی انتظامیہ کے فوکل پرسن کے ساتھ مل کرحل کروائے۔ سنیئر نائب صدر شہیر اقبال نے پروگرا م کے اختتام پر تمام مہمانان خصوصی اور ڈپٹی کمشنر کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا۔ صدر چیمبر ولید احمد کی جانب سے ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گی۔اس موقع پر ایگزیکٹو ممبران جام پرنس فہد، محمد ظفراقبال، عبدالحمید، محمد سہیل سلیم، عبدالطیف بھٹی، محمد افسر، نعمان خالد، ثاقب سعید، حشمت علی، قیصر محمود، میاں محمد حسین،سابق صدر جاوید ارشاد، خواجہ بشیر احمد، سابق نائب صدر محمد سلیم بھلر،خواجہ عاطف بشیر، سابق ایگزیکٹو ممبران عظمان اصغر،محمد حفیظ،عاطف غفار، اکبر علی شاہین، ندیم احمد، قاری ظفر اقبال شریف، انوار احمد نجمی، عبدالرشید، ندیم عباس، سینئر ممبران، آفتاب احمد، محمد حمزہ مقصود، محمد عدنان جلیل، محمد انس ظفر، ڈاکٹر توقیرالحسن، چودھری شوکت علی، محمد اسلام نورانی، طارق محمود، محمد اعجاز،محمد وقاص، عمر مختار، شاہد امیر، عبدالکریم خان، محمد شبیر، محمود احمد، فضل الرحمان، رحمان مشتاق، محمد الیاس مغل، شاہد مختار، عابد حسین باجوہ انجمن تاجران کے نمائندے و دیگر ممبران رحیم یار خان چیمبر بھی موجود تھے۔