کراچی (بگ ڈیجٹ):— کراچی میں قائم ملائشیا کے قونصلیٹ جنرل اور ایجوکیشن ملائیشیا گلوبل سروسز (ای ایم جی ایس) نے معروف ملائیشیائی اعلیٰ تعلیمی اداروں کے اشتراک سے ’’جوم2 ملائیشیا چلو2 2025‘‘ مہم کے تحت ’’اسٹڈی اِن ملائیشیا ایجوکیشن فیئر پاکستان 2025‘‘ کا کامیاب انعقاد 13 اور 14 ستمبر 2025 کو کراچی کے میریٹ ہوٹل میں کیا۔
اس دو روزہ ایونٹ میں میٹریڈ (MATRADE)، ٹورازم ملائیشیا، آسیان (ASEAN) ممالک کے قونصل خانے، 10 معروف ملائیشیائی جامعات و اعلیٰ تعلیمی ادارے، ایئرایشیا اور ملائیشیا-پاکستان بزنس کونسل نے شرکت کی۔ ایونٹ میں ملائیشیا کی متنوع ثقافت، تجارت کے مواقع، اور عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم کو پاکستانی طلبا و والدین کے سامنے اجاگر کیا گیا۔
ایجوکیشن فیئر اس تقریب کا نمایاں حصہ رہا، جہاں آنے والے طلبا کو ملائیشیا میں دستیاب تعلیمی پروگرامز، وظائف اور داخلے کے مختلف مواقع کے بارے میں معلومات فراہم کی گئیں، جس سے یہ امر مزید تقویت پاتا ہے کہ ملائیشیا عالمی معیار کی معیاری اور کم لاگت تعلیم کے لیے ایک پسندیدہ ملک ہے۔
پاکستان میں ملائیشیا کے ہائی کمشنر عزت مآب داتو محمد اظہر مزلان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا:
’’یہ تقریب پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا ایک اہم موقع ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے ہم تعلیم، سیاحت، تجارت اور ثقافتی تنوع کے شعبوں میں ملائیشیا کی صلاحیتوں کو پیش کر رہے ہیں، تاکہ پاکستانی نوجوان ملائیشیا کو تعلیم، کاروبار اور سیاحت کے لیے ایک مثالی مقام کے طور پر دیکھ سکیں۔‘‘
تقریب میں پاکستانی طلبا کو ملائیشیائی یونیورسٹیوں کے نمائندگان سے براہ راست ملاقات، داخلے سے متعلق رہنمائی، اسکالرشپ کی معلومات اور کیریئر کاؤنسلنگ کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔ اس موقع پر پاکستانی و ملائیشیائی جامعات کے درمیان مشترکہ تعلیمی تعاون اور ٹرانس نیشنل ایجوکیشن پارٹنرشپس کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
’’جوم2 ملائیشیا چلو2 2025‘‘ مہم، جو اس ایجوکیشن فیئر کے ساتھ شروع کی گئی، کراچی میں قائم ملائیشیا کے قونصلیٹ جنرل اور ای ایم جی ایس کا ایک عالمی اقدام ہے جس کا مقصد ملائیشیا کو ایک ممتاز بین الاقوامی تعلیمی مرکز کے طور پر فروغ دینا ہے۔ پاکستان، ملائیشیا میں بین الاقوامی طلبا کے اہم ذرائع میں سے ایک ہے جو دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلقات اور ملائیشیائی تعلیمی نظام پر اعتماد کا ثبوت ہے