اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (ویسٹ)و صارف عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے آٹو موبائل کمپنی گندھارا نسان کیس میں غیر حاضری پر دونوں فریقین کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔گزشتہ روز عدالت نے درخواست گزار محمد سعد اللہ قریشی کی جانب سے گاڑیاں پیچنے والی نجی کمپنی گندھارا نسان کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی ۔صارف عدالت نے غیر حاضری پر دونوں فریقین کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مقدمے کی سماعت 10 مئی 2025 کو ہوئی جس میں شکایت کنندہ کی وکیل تاسوران سندھو اور مدعا علیہ نجی کمپنی کے وکیل احتشام ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے کیس کو گواہ PW-1 کی جرح کے لیے 17 مئی 2025 تک ملتوی کر دیا۔17 مئی کو سماعت کے دوران تمام فریقین کے وکلاء عدالت میں پیش ہوئے، مگر جرح نہ ہو سکی۔ عدالت نے اگلی تاریخ 22 مئی مقرر کی۔ چونکہ معزز جج رخصت پر تھے، لہٰذا کیس ڈیوٹی جج کے سامنے پیش کیا گیا۔22 مئی 2025 کو مدعی محمد سعد اللہ قریشی خود عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ان کے ہمراہ معظم حبیب اور تاسوران سندھو بطور وکلاء موجود تھے۔ تاہم، مدعا علیہ نمبر 1 کی طرف سے کوئی بھی نمائندہ عدالت میں پیش نہ ہوا جبکہ مدعا علیہ نمبر 2 کی جانب سے صرف جونیئر وکیل موجود تھا۔ نہ تو مدعا علیہان خود حاضر ہوئے اور نہ ہی ان کے گواہ جرح کے لیے پیش ہوئے۔عدالت نے اس صورت حال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے فریقین کی غیر حاضری کو سنجیدہ معاملہ قرار دیا۔ عدالت نے دونوں فریقین کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے 20ہزار روپے مالیت کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئیے ملتوی کردی۔