اسلام آباد (بگ ڈیجٹ): صرف 35 دن کے ریکارڈ وقت میں مکمل ہونے والا جناح اسکوائر مری روڈ انٹرچینج ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کے لیے ایک نیا تحفہ جناح سکوائر مری روڈ انٹر چینج ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کو 35 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے، جس سے شہریوں کی 15 سے 20 منٹ کی مسافت کم ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مری روڈ انٹر چینج جناح اسکوائر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ریکارڈ مدت میں نصوبہ مکمل کرنے پر سی ڈی اے، متعلقہ کمپنی کے حکام اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو مبارکباد دی اور کہا کہ اتنی کم مدت میں منصوبے کو مکمل کرنا آسان کام نہیں تھا۔
انہوں نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ اور سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ وہ مزید تندہی، محنت اور لگن سے کام کریں اور دارالحکومت کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے اقدامات کریں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ 35 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات پیدا ہوں۔ منصوبے کے تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا گیا اور بہترین اور معیاری تعمیر کو یقینی بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فیض آباد چوک، شاہین چوک اور کشمیر چوک پر پل کو چوڑا کرنے سمیت دیگر کئی منصوبوں پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انڈر پاس کا منصوبہ صرف 35 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا ہے۔