اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے ان کے پانچ جہاز ایسے گرائے جیسے مچھر ہوں یہ اور حملہ کریں ہم اور جہاز گرائیں گے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پرانا دور نہیں ہے کہ پاکستان کو دہشت گرد ملک کہا جائے اور دنیا مان لے، دو ہفتے تک بھارت پاکستان پر الزام عائد کرتا رہا جواب میں وزیراعظم نے تحقیقات کی پیشکش کی مگر بھارت نے پیشکش قبول نہیں کی اور نہ حملے کے ثبوت فراہم کیے۔بلاول نے کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا، رات کے اندھیرے میں چور اور بزدل حملہ کرتے ہیں، بھارت نے نہتے بچوں کو نشانہ بنایا، ہم نے ان کے پانچ جہاز ایسے گرائے جیسے مچھر ہوں یہ اور حملہ کریں ہم اور جہاز گرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ہم سے بڑا ملک اور تعداد بھی زیادہ ہے وہ اپنی انا میں ہے، مگر پاکستان کی غیور عوام بھارت کے آنکھیں کھول دیں گے، ہم جنگ کے حامی نہیں ہیں مگر حملہ آپ نے کیا ہے اور ہمارے نہتے لوگوں پر حملہ کیا ہے تو اب بھارت حوصلہ رکھے پاکستان جواب دے گا۔
بلاول نے مزید کہا کہ یو این او کے قوانین کے مطابق پاکستان کو حق ہے کہ وہ حملے کا جواب دے، ہم سب حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔