اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمن، ممبر انجینئرنگ، ممبر پلاننگ، ممبر فنانس سمیت متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور دیگر سینئیر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں میں اب تک کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے اسلام آباد کی شاہراہوں، انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی منصوبوں پر ہونے والے کام کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے اور ان کو اعلی معیار، اسٹنڈر اور کوالٹی کو مدنظر رکھنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جِناح اسکوائر مری روڈ انڈر پاس منصوبے پر ڈرون فوٹیج کی مدد سے روزانہ کی بنیاد پر نگرانی اور ڈیویلپمنٹ پیش کی جائے اور منصوبے کی معیاری تکمیل کو 35 دنوں کی مدت میں یقینی بنایا جارہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے ساتھ ساتھ مناسب جگہوں کی نشاندہی کرکے دیدہ زیب سافٹ لینڈ سکیپنگ اور شجرکاری بھی کی جائے اور مستقل بنیادوں پر جدید اور خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس نصب کی جائیں۔اسی طرح اجلاس کو فیض آباد انٹرچینج کی توسیع پر بریفننگ دی گئی اس حوالے سے ٹینڈر دستاویزات کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور لاگت کا تخمینہ لگایا جاچکا ہے۔اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شہر بھر میں ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر بنانے کیلئے 20 اہم گنجان آباد مقامات کی نشاندہی کی جاچکی ہے جبکہ ان میں 11 ٹریفک کے رش والے مقامات پر کام جاری ہیں اسی طرح 9 مختلف مقامات پر ٹوپو گرافک سروے بھی مکمل کئے جاچکے ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ مرکزی شاہراہوں پر جدید اسپرنکلر سسٹم نصب کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ زیر زمین پانی ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں کے قیام اور مناسب واٹر گرانڈنگ سسٹم کی منصوبہ بندی پر کام جاری ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر کے مختلف سیکٹرز میں دیدہ زیب لائٹس کی تنصیب کیلئے تخمینے مکمل کیا جاچکا ہے۔ اسی طرح اہم شاہراہوں کی اپ لفٹنگ پر بھی تیزی سے کام جاری ہے جن میں ان سڑکوں کی مرمت، کرب اسٹون، لین مارکنگ، پیچ ورک، یوٹرنز، سائن ایج اور روڈ سیفٹی کے اقدامات شامل ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ مون سون سے قبل ڈرینج نظام کی بہتری اور صفائی ستھرائی کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے ٹینڈرز کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ اجلاس میں عید الاضحی کے موقع پر ماحول دوست بایو ڈیگریڈیبل پیکجز کے استعمال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ موٹر وے لنک روڈ تا مارگلہ روڈ (N-5) تک تخمینے کی تیاری جاری ہے جبکہ شاہین چوک منصوبے کیلئے سروے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور منصوبے کی تکمیل کیلئے کنسلٹنٹس اور ریزیڈنٹ انجینئرز کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ماڈل جیل میں زیر تعمیر ایڈمن بلاک 85 فیصد، آر سی سی کمپانڈ اور بانڈری وال 98 فیصد مکمل ہوچکے ہیں۔ منصوبہ کا فیز 1 جلد مکمل کرلیا جائے گا جبکہ فیز 2 میں شامل انفراسٹرکچر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ مزید براں، اجلاس میں بتایا گیا کہ پاکستان سیکریٹریٹ کی بلڈنگ اور اس کی پارکنگ پر کام کا آغاز جلد کیا جا رہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے تمام منصوبوں میں معیار، شفافیت، بروقت تکمیل اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کا وژن اسلام آباد کو جدید انفراسٹرکچر اور قدرتی ہم آہنگی کے امتزاج سے ایک ماڈل شہر میں تبدیل کرنا ہے جو پائیدار ترقی کی مثال بن سکے۔