کراچی (بگ ڈیجٹ)( رپورٹ: پیر بخش نوناری )کراچی وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت میں سندھ کے مؤقف کی جیت کے بعد، بین الصوبائی کوآرڈینیشن اور کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کے مشیر احسان الرحمان مزاری نے متنازعہ کینال منصوبے کی معطلی پر وزیراعلیٰ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کو مبارکباد پیش۔ ایئرپورٹ پر وزیراعلیٰ کا پرجوش استقبال کیا گیا، جہاں احسان الرحمان مزاری نے انہیں اجرک پہنا کر خراج تحسین پیش کیا۔احسان الرحمان مزاری نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ پہلے ہی واضح کر چکے تھے کہ سندھ کی رضامندی کے بغیر نہریں نہیں بن سکتیں، اور آج ان کا مؤقف سچ ثابت ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سی سی آئی اجلاس میں سندھ کے عوام کی آواز کو بھرپور انداز میں پیش کیا، اور ان کی انتھک جدوجہد کے باعث ہی متنازعہ منصوبے کو روکا گیا۔ مزاری نے مزید کہا کہ “سندھو دریا سندھ کے لوگوں کا ہے اور یہ بلاول بھٹو زرداری نے ثابت کر دیا ہے۔” انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا، اسے نبھایا ہے، جب کہ دیگر سیاسی جماعتیں صرف سیاست کرتی رہیں۔ انہوں نے اس فیصلے کو تاریخ ساز قرار دیتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسلیں اس لمحے کو پیپلز پارٹی کی بڑی کامیابی کے طور پر یاد رکھیں گی۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے سندھ کے مؤقف کو تسلیم کرتے ہوئے متنازعہ منصوبے کی معطلی کو یقینی بنایا