لاہور (بگ ڈیجٹ) حضرت صدیق اکبرؓ کا طرز حکمرانی مسلم حکمرانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔سید نوید الحسن مشہدی اسلام اور بانی اسلام کے لیے ہر میدان میں صف اول میں نظر آئے ۔ میاں ولید احمد اسلام آباد معاشی عدم استحکام کا خاتمہ آپ کے طرز حکمرانی کی پیروی کرنے سے ہی ممکن ہے۔
جماعت جلالیہ پاکستان ہر سال امیر المؤمنین خلیفہ اول بلا فصل،افضل البشر بعد الانبیاء حضرت سیدنا ابو بکر صدیق ؓ کا یوم مبارک کشمیر سمیت ملک بھر میں بڑے تزک واحتشام سے مناتی ہے ۔اس حوالے سے مختلف شہروں میں سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کیا جاتا ہے۔جماعت جلالیہ پاکستان کے زیر اہتمام داتا کی نگری وصوبائی دارالحکومت لاہور کے ایوان اقبال میں ایک عظیم الشان فقید المثال حضرت صدیق اکبر کانفرنس منعقد ہوئی۔اس کانفرنس کی صدارت جماعت جلالیہ پاکستان کے سربراہ شیخ الحدیث ڈاکٹر مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی سجادہ نشین درگاہ مقدسہ بھکھی شریف نے کی۔ کانفرنس میں صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد شرقپوری مجددی سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف ، پیر فدا حسین شاہ حافظ آبادی،علامہ رضائے مصطفی نقشبندی شیخ الحدیث جامعہ رسولیہ شیرازیہ لاہور، پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی پرنسپل وشیخ الحدیث جامعہ اسلام آباد وسیکرٹری جنرل جماعت جلالیہ پاکستان،غازی ثاقب شکیل جلالی نائب صدر جماعت جلالیہ پاکستان،علامہ نواز بشیر جلالی جوائنٹ سیکرٹری جماعت جلالیہ پاکستان، علامہ لیاقت علی جلالی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و نشریات،پیر سید یوسف جلالی،ملک کاشف جلالی پیر غلام مصطفیٰ صدیقی، صاحبزادہ حبیب مرتضیٰ جلالی، قاری شبیر جلالی سمیت مشائخ عظام ،علمائے کرام اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی مذہبی ،دینی ،ملی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
کانفرنس کی دعوتی وتشہیری مہم کے لیے الیکٹرانک وپرنٹ میڈیا اورسوشل میڈیا کو بروئے کار لایا گیا ۔پبلک مقامات اور سائن بورڈ پر پینافلیکس آویزاں کیے گئے ۔ ملک بھر سے شرکاء نے قافلوں کی صورت میں شرکت کی ۔ایوان اقبال کا ہال شرکاء کے جمع غفیر سے مکمل بھرا ہو ا تھا ۔کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے ،استقبالیہ کمیٹی ،سکیورٹی کمیٹی ،سٹیج کمیٹی ،انتظامیہ کمیٹی،میڈیا کمیٹی ،لنگر کمیٹی سمیت مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں تھیں ۔کانفرنس کے انتظامات جماعت جلالیہ لاہور نے کیے اور نگرانی ملک محمد کاشف جلالی صدر جماعت جلالیہ لاہور نے کی۔ایوان اقبال “بعد از انبیاءافضل البشر۔۔۔۔ابو بکرابو بکر اور محفوظہ عن الخطاء ۔۔۔سیدہ فاطمۃ الزھراء اور گلی گلی نگر نگر ۔۔۔۔ابو بکرابو بکر “کےنعروں سے گونج رہا تھا استقبالیہ کمیٹی کی جانب سے شیخ الحدیث مفتی پیر سید نوید الحسن مشہدی سمیت جملہ مشائخ عظام اورعلمائے کرام کا بھرپور استقبال کیا گیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی سجادہ نشین درگاہ مقدسہ بھکھی شریف نے کہا حضرت سیدنا ابو بکر صدیق ؓکا طرز حکمرانی اسلامی تعلیمات کامظہر ہے۔آپ نے دین اسلام اورتحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دیں۔آپ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا امت پر لازم اورضروری ہے صاحبزادہ میاں ولید احمد جواد شرقپوری مجددی نے کہا کہ آپ اسلام اور بانی اسلام کے لیے ہر میدان میں صف اول میں نظر آئے۔اور انہوں نے کہا کہ معاشی عدم استحکام کا خاتمہ آپ کے طرز حکمرانی کی پیروی کرنے سے ہی ممکن ہے۔
پیر فدا حسین حافظ آبادی نے کہا کہ دین اسلام کی سربلندی اور تبلیغ کے لیے حضرت صدیق اکبر کا کردار تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ علامہ رضائے مصطفی نقشبندی نے کہا کہ خانوادہ صدیق اکبر نے اسلام اور بانی اسلام کے لیے جو خدمات دیں وہ اپنی مثال آپ ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی نے کہا کہ آپ اِسلام کی تبلیغ اور مدد و نصرت کے لئے کُھلے دل سے اپنا ذاتی مال خرچ کیا کرتے تھے۔ آپ اپنے دورِ خلافت میں اسلام دشمن قوتوں اورنبوت کے جھوٹے دعویداروں کے خلاف ڈٹے رہے اور انہیں کیفرکردار تک پہنچایا۔آپ نے زکوٰۃ کے منکرین کے خلاف علم جہاد بلند فرمایا اورانہیں شکست سے دوچار کیا۔ترجمان کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر مفتی محمد ظفر اقبال جلالی سیکرٹری جنرل جماعت جلالیہ پاکستان نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔ کانفرنس کے اختتام پر حضرت میاں ولید احمد شرقپوری نے ملک وملت کی سلامتی اور کشمیر و فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی۔ کانفرنس کے شرکاء میں لنگر تقسیم کیا گیا اورمعزز مہمانوں کو الوداع کر دیا گیا۔