اسلام آباد (بگ ڈیجٹ): (پ ر: مورخہ 19 نومبر، 2025): چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر اسلام آباد میں بلا اجازت تعمیرات اور بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے انفورسمنٹ ونگ، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کے تعاون سے بدھ کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے سی ڈی اے آرڈنینس 1960 اور بلڈنگ کنٹرول ریگولیشن 2020 کی خلاف ورزی پر 28 عمارتیں سربمہر کردیں اور مالکان کو نوٹسسز بھی جاری کردئیے۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی پر بلڈنگ کنٹرول سیکشن نے انفورسمنٹ ونگ کے عملے کیساتھ ملکر اسلام آباد کے زون فور میں واقع کری روڈ پر 8 عمارات کو نان کنفارمنگ یوز پر سربمہر کردیا۔ اسی طرح زون فور میں واقع 20 عمارات جو بلڈنگ کنٹرول ریگولیشن 2020 کی خلاف ورزی کرتے ہوئےاستعمال میں لائی جارہی تھیں کو بھی سربمہر کردیا گیا۔ اس طرح مجموعی طور پر 28 عمارتوں کو سربمہر کرکے مالکان کو نوٹسسز جاری کئے گئے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر پورے شہر میں بلڈنگ بائی لاز کے نفاذ کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ واضح رہے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں پر آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔
اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آئندہ دنوں میں بھی تسلسل کے ساتھ کارروائیاں جاری رہیں گی۔اس ضمن میں شہریوں سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی تعمیراتی کام کا آغاز کرنے سے قبل سی ڈی اے کے متعلقہ شعبوں سے باقاعدہ اجازت نامہ ضرور حاصل کریں۔














