اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) کچا کھوہ، میاں چنوں اور ڈی ایس پی آفس میاں چنوں میں کھلی کچہریوں کی ہیٹرک — ڈی پی او اسماعیل کھاڑک کا عوامی مسائل پر فوری ردعمل
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت عوامی خدمت اور انصاف کا عملی مظاہرہوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت اور شفاف انصاف کی فراہمی کے لیے ڈی پی او خانیوال اسماعیل کھاڑک نے کھلی کچہریوں کے سلسلے کو تیز کرتے ہوئے کچا کھوہ، میاں چنوں اور ڈی ایس پی آفس میاں چنوں میں بیک وقت کھلی کچہریوں کی ہیٹرک مکمل کی۔ تینوں مقامات پر شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور براہ راست اپنے مسائل ڈی پی او کے سامنے پیش کیے۔
ڈی پی او اسماعیل کھاڑک نے فرداً فرداً شہریوں کی شکایات سنیں، متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی کارروائی کے تحریری احکامات جاری کیے جبکہ کئی معاملات پر انکوائری کے حکم دیے گئے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ شکایات کے حل میں تاخیر یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام کیسز کی واپسی رپورٹ براہ راست ڈی پی او آفس میں جمع کرائی جائے۔
کھلی کچہریوں میں ڈی ایس پی، ایس ایچ اوز اور پولیس کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ شہریوں نے موقع پر ہی دادرسی کے عمل کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدام پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے اور اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ڈی پی او نے اس موقع پر کہا کہ کھلی کچہریاں عوامی مسائل سے براہ راست آگاہی اور ان کے فوری حل کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری بلا جھجک اپنے مسائل بیان کریں، پولیس ہر سطح پر دادرسی کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کا ہر اہلکار خدمت، تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے عزم پر کاربند ہے اور کھلی کچہریوں کا یہ سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔
عوامی حلقوں نے کہا کہ کھلی کچہریاں پولیس کلچر میں مثبت تبدیلی کی علامت ہیں۔ شہریوں نے کہا کہ ماضی میں شکایات پر کارروائی میں تاخیر اور پیچیدگیاں سب سے بڑی رکاوٹ تھیں لیکن اب فوری دادرسی نے لوگوں کے اعتماد کو بحال کیا ہے۔
ڈی پی او اسماعیل کھاڑک نے واضح کیا کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کا مقصد صرف قانون نافذ کرنا ہی نہیں بلکہ شہریوں کے مسائل حل کرنا بھی ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تینوں مقامات پر ہونے والی کھلی کچہریوں میں عام شہریوں کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے افراد نے بھی شرکت کی اور پولیس کی جانب سے براہ راست دادرسی کو مثبت اور خوش آئند قدم قرار دیا۔
خانیوال پولیس کے مطابق کھلی کچہریوں کے ذریعے نہ صرف مسائل فوری حل ہو رہے ہیں بلکہ ادارے اور عوام کے درمیان اعتماد کی نئی بنیاد بھی رکھ دی گئی ہے، جس سے شہریوں کو یقین ہو رہا ہے کہ پولیس واقعی ان کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
—