LOADING

Type to search

راولپنڈی (بگ ڈیجٹ) خیبرپختونخوا سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 35 فتنہ الخوارج ہلاک، 12 جوان شہید

Share this to the Social Media

راولپنڈی (بگ ڈیجٹ): سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 35 خوارج واصلِ جہنم ہوگئے جبکہ 12 جوان بھی وطن پر قربان ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، کارروائی کے دوران جوانوں نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 22 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ ایک اور جھڑپ جنوبی وزیرستان میں پیش آئی جہاں مزید 13 خوارج کو سکیورٹی فورسز نے ہلاک کیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے 12 بہادر سپوت جام شہادت نوش کر گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی سرپرستی میں سرگرم ہلاک شدہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو ان علاقوں میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس رپورٹس نے بلا کسی شک و شبہ افغان شہریوں کی ان مذموم کارروائیوں میں براہِ راست شمولیت کی تصدیق کی ہے، علاوہ ازیں فتنہ الخوارج دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا ایک سنگین تشویش ہے، پاکستان توقع کرتا ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور اپنی سرزمین کو پاکستان مخالف دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں بھارتی سرپرستی میں موجود کسی بھی خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے کیونکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرست دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

X