اسلام آباد (بگ ڈیجٹ)— ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے فتح جنگ میں عوامی مسائل کے براہِ راست حل کے لیے ایک غیرمعمولی اقدام کرتے ہوئے ٹی ایم اے جناح ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے اپنے مسائل اور شکایات براہِ راست پولیس کے اعلیٰ افسر کے سامنے رکھیں۔ آر پی او نے نہ صرف ہر شکایت کو بغور سنا بلکہ موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کی ہدایات دیں اور شہریوں کو یقین دلایا کہ انصاف اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
کھلی کچہری میں ڈی پی او اٹک، ڈی ایس پی فتح جنگ اسلم ڈوگر، اور فتح جنگ سرکل کے تمام ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔ آر پی او نے پولیس افسران کو واضح ہدایات دیں کہ عوامی مسائل کے حل میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تھانے انصاف کے دروازے ہیں اور ہر شہری کو بروقت داد رَسی فراہم کرنا ان کی اولین ذمہ داری ہے۔
قبل ازیں آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان جب ٹی ایم اے فتح جنگ پہنچے تو تحصیلدار فتح جنگ چوہدری شفقت محمود نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ادارہ جاتی وقار اور عوامی اعتماد کے امتزاج نے ایک منفرد منظر پیش کیا۔
آر پی او بابر سرفراز الپا نے شہریوں سے گفتگو میں کہا کہ پولیس فورس جرائم کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قبضہ مافیا، جرائم پیشہ عناصر اور معاشرتی بگاڑ پیدا کرنے والے گروہوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور عوام کو یہ پیغام دیا کہ “قانون سب کے لیے برابر ہے۔”
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو عوامی خدمت کے ادارے کے طور پر پہچان دلانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ہر شہری کو یہ یقین دلایا جاتا ہے کہ ان کی آواز براہِ راست اعلیٰ افسران تک پہنچ رہی ہے۔
کھلی کچہری کے اختتام پر شہریوں نے اس اقدام کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام اور اداروں کے درمیان فاصلے کم کرنے کی اس سے بہتر مثال ممکن نہیں۔ آر پی او نے ایک بار پھر دوٹوک الفاظ میں کہا کہ “جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی میں کسی سفارش یا دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا، قانون کی طاقت ہمیشہ ریاست اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔”
—