اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی نے توشہ خانہ ٹو کیس کا ٹرائل رکوانے اوراپیل کی جلد سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اپیل کی آخری سماعت 25 اپریل کو ہوئی تھی۔ اپیل میں سماعت میں تاخیر سے درخواست گزار کے حقوق متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
توشہ خانہ ٹوکیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری کے زریعے متفرق درخواست دائرکی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیاکہ ٹرائل کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں نومبر 2024 میں بریت کی درخواست مسترد کردی تھیں۔بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی نے ٹرائل کورٹ کا بریت مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کررکھا ہے جبکہ مسترد ہونے والی بریت کی درخواست کے خلاف اپیل اکیس جنوری 2025 کو دائر کی گئی تھی اوراپیل کی آخری سماعت 25 اپریل کو ہوئی تھی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ 25 اپریل کے بعد اپیل سماعت کے لیے مقرر نہیں ہوئی جس سے درخواست گزار کے حقوق متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ درخواست میں استدعا کی ہے کہ ٹرائل کورٹ غیر معمولی تیزی سے ٹرائل آگے بڑھا رہی ہے۔ اپیل کا فیصلہ آنے تک ٹرائل روکنے کا حکم جاری کیا جائے کیونکہ اگر ٹرائل کا فیصلہ ہو گیا تو اپیل کا فائدہ ختم ہو جائے گا۔دوسری جانب سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے توشہ خانہ ٹوکیس کی سماعت کی جو بغیر کارروائی 15 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔