لاہور (بگ ڈیجٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے ڈھاکہ یونیورسٹی میں طلبہ یونین انتخابات کے نتائج کو بنگلادیش کے عام انتخابات میں پاکستان کے حامیوں کے جیت کی بنیاد قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ طلبہ یونین انتخابات میں بنگلادیش اسلامی چھاترو شبر کی جیت تحریک اسلامی بنگلادیش کے اکابر و کارکنان کی انتھک، طویل اور عظیم جدوجہد کے ثمر کا آغاز ہے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ان کارکنان نے نظریہ پاکستان سے وفا کی قیمت دہائیوں تک تن تنہا اپنے روح و بدن کی قربانیوں سے ادا کی، وہ نہ ہی جھکے اورنہ پیچھے ہٹے اور ہرحال میں سربلند رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی چھاترو شبر کی کامیابی بنگلادیش کے آئندہ عام انتخابات میں پاکستان کے حامیوں کی کامیابی اور خطے میں طاقت کا توازن درست کرنے کی بنیاد بن سکتی ہے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق ڈھاکہ یونیورسٹی میں ہونے والے طلبہ یونین انتخابات میں پہلی مرتبہ بنگلادیش اسلامی چھاترو شبر کے حمایت یافتہ پینل نے کلین سوئپ کیا ہے۔ انتخابات میں صادق قائم نائب صدر، ایس ایم فرہاد جنرل سیکرٹری اور محی الدین خان اسسٹنٹ جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔