لاہور (بگ ڈیجٹ) مقامی عدالت نے اے ڈی سی آر سیالکوٹ محمد اقبال کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
لاہور کی ضلع کچہری کے ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ نے اینٹی کرپشن کی درخواست پر سماعت کی ۔ اینٹی کرپشن نے ملزم کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت پیش کیا ۔اینٹی کرپشن نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے تفتیش مکمل ہوچکی ہے اب چالان مرتب کرنا ہے۔ اینٹی کرپشن نے استدعا کی کہ ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے ۔
عدالت نے اینٹی کرپشن کی استدعا کو منظور کر لیا اور ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔ عدالت نے ملزم کا چالان جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے 27 اگست کو ملزمان کو پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔ اینٹی کرپشن حکام نے ملزم اقبال کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے۔