اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) یومِ آزادی پر پاکستانی بیٹیوں کو خراجِ تحسین، ‘ایک بیٹی، ایک شجر’ مہم کا اعلان قومی کمیشن برائے وقارِ نسواں کا خواتین کی قربانیوں، خدمات اور قیادت کو سلام ہر والد اپنی بیٹی کے نام پر پودا لگائے گا، مہم ماحولیاتی تحفظ کی نئی علامت
چیئرپرسن اُمِّ لیلیٰ اظہر کا خواتین کو فیصلہ سازی میں زیادہ مواقع دینے کا مطالبہ اسلام آباد، (سٹاف رپورٹر) قومی کمیشن برائے وقارِ نسواں (NCSW) نے پاکستان کی 78 ویں یومِ آزادی کے موقع پر ملک کی باحوصلہ، بہادر اور قائدانہ صلاحیتوں کی حامل خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کی جدوجہد سے لے کر آج تک خواتین نے قربانی، خدمت اور قیادت کی لازوال مثالیں قائم کی ہیں۔
چیئرپرسن اُمِّ لیلیٰ اظہر نے کہا کہ قیامِ پاکستان کے وقت خواتین نے ہجرت کے کٹھن مراحل میں عزم اور ایثار کی داستانیں رقم کیں، اور آج بھی سیاست، معیشت، تعلیم، سائنس، دفاع اور فنون میں پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر رہی ہیں۔
اس موقع پر NCSW نے ملک گیر مہم “ایک بیٹی، ایک شجر” کا باضابطہ آغاز کیا، جس کے تحت ہر والد اپنی بیٹی کی نسبت سے ایک پودا لگائے گا۔ یہ مہم صنفی فخر، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کا ایک نیا سنگِ میل قرار دی گئی ہے۔
چیئرپرسن نے زور دیا کہ خواتین کی قیادت اور فیصلہ سازی میں شمولیت بڑھانا ناگزیر ہے، تاکہ وہ ہر شعبے میں برابری کے ساتھ ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
“ہماری بیٹیاں ہماری آزادی کی اصل روح ہیں۔ آئیے یہ عہد کریں کہ ہر لڑکی اور عورت کو تحفظ، ترقی کے مساوی مواقع اور عزت کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق یقینی بنایا جائے،” چیئرپرسن نے اپنے پیغام میں کہا