اسلام آباد : چیئرمین پیاس انٹرنیشنل ہیومن رائٹس اور معروف صحافی و اینکر پرسن رانا عمران لطیف کی ہدایت پر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین میں آب زم زم اور عجوہ کھجوریں تقسیم کی گئیں۔اس مہم میں سینئر ایڈووکیٹ راحیل رانا، سمیع اللہ اور سینئر صحافی عبدالرحمان پیاس انٹرنیشنل کی ٹیم کے ہمراہ شریک تھے۔ ٹیم نے مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ پیاس انٹرنیشنل کی فوڈ چیریٹی مہم کے تحت ” تیار کھانا ” اور خشک راشن کی تقسیم بھی ملک بھر میں جاری ہے، جس کا مقصد ضرورت مند اور پسماندہ طبقے تک بلا تعطل غذائی سہولیات پہنچانا ہے۔ اس سلسلے میں جمعہ کے روز آئی-8/4 پاکیزہ مارکیٹ میں 500 سے زائد افراد میں کھانا تقسیم کیا جائے گا۔تنظیم کے تحت انسدادِ منشیات آگاہی مہم، خشک راشن کی فراہمی، اور آب زم زم و عجوہ کھجوروں کی تقسیم جیسے اقدامات بھی تسلسل سے جاری ہیں ملک کے پسماندہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس کا انعقاد بھی جاری ہے جن میں ہزاروں مریضوں کو مفت علاج معالجے کی سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہیں جن میں خصوصی رضاکار ٹیمیں شریک ہوتی ہیں۔چیئرمین رانا عمران لطیف نے دکھی انسانیت کی خدمت اور ضرورت مندوں کی مدد میں خاموشی سے اپنا حصہ ڈالنے والے تمام مخیر حضرات اور دوست احباب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا:”یہ عظیم مشن اُن خدا ترس افراد کی مدد کے بغیر ممکن نہیں تھا جو حقیقی جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت کرتے ہیں۔”مزید یہ کہ، پیاس انٹرنیشنل نے اعلان کیا ہے کہ اپنی تمام جاری مہمات کی آن لائن لائیو اسٹریمنگ کے لیے تکنیکی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شفافیت اور عوامی رسائی کو مزید بہتر بنایا جا سکے