لکی مروت (بگ ڈیجٹ) لکی مروت میں پاک فوج کے مقامی بریگیڈ کمانڈر نے ڈپٹی کمشنر آفس میں مروت قومی جرگہ کے نمائندوں سے ملاقات کی، جس کی قیادت ملک نصیر معیداد کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سمیت سول اور عسکری حکام بھی موجود تھے۔
جرگہ وفد نے بھارتی جارحیت کے خلاف پاک فوج کے مؤقف کی بھرپور حمایت کی اور مقامی سطح پر درپیش اہم مسائل پر روشنی ڈالی۔ ان مسائل میں کرم تنگی ڈیم کی جلد تکمیل، باران ڈیم کی توسیع، کیڈٹ کالج کے منصوبے کی تکمیل، سڑکوں کی تعمیر، غیر ملکی سرمایہ کاری پر عائد پابندی کا خاتمہ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورے کا مطالبہ، برگی کے کچھ علاقوں کی ذمہ داری کی منتقلی، گیس و تیل کمپنیوں سے رائلٹی کی ادائیگی اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر اقدامات شامل تھے۔
بریگیڈ کمانڈر نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل اعلیٰ حکام تک پہنچائے جائیں گے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے اور بروقت معلومات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔