راولپنڈی (بگ ڈیجٹ) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ ہم ہر طرح کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور افواج پاکستان نے پوری قوم کی حمایت کے ساتھ بھارتی جارحیت کا جواب دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص افواج پاکستان کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور غیرمتزلزل عزم کا استعارہ ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پاکستان نے متعدد بار بھارت کو خبردار کیا تھا کہ وہ پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے، پاکستان نے واضح کیا تھا کہ بھارت کی جانب سے کوئی جارحیت کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے اوورسیز پاکستانی کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا 13 لاکھ بھارتی فوج ہتھیاروں سے ہمیں ڈرا اور دھمکا نہیں سکتی، ہم پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم ہر طرح کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور ملکی سرحدوں اور سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے، فوجی محاذ آرائی کا راستہ بھارت نے چناتو یہ ان کی چوائس ہے، آگے یہ کدھر جاتا ہے یہ ہماری چوائس ہے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو ہمارا پیغام واضح ہے کہ ہم تیار ہیں آزمانا نہیں، ہم محاذ آرائی شروع نہیں کریں گے کیونکہ ہم ایک ذمہ دار ریاست ہیں، ہم بھارت کی جارحیت، طاقت اور مکاری سے مرعوب ہونے والی قوم نہیں، ہم ہمیشہ تعمیری بات چیت کے راستے پرعمل کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بزدل بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت کی اور معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا جبکہ مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کا مکمل اور بھرپور جواب دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان کی غیور عوام اور پاکستان کی افواج یہ باور کرانا چاہتی ہے، معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا مکمل حساب لیا جائے گا، انشا اللہ، بھارت نے بزدلانہ طریقے سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا، دشمن نے پاکستان کی جری قوم کوللکار ہے بھارت کی اس غلط فہمی کو ٹھیک کردیا جائے گا، ہم جذبہ شہادت سے سرشار ایک مضبوط فوج ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ الحمد اللہ افواج پاکستان نے پوری قوم کی حمایت کے ساتھ بھارتی جارحیت کا جواب دیا اور آگے بھی دیتی رہے گی، کسی کو بھی پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ڈی جی آئی ایس پی آر ملک کی سرحدوں کا دفاع ،اس پاک دھرتی کا دفاع ہمارا نصب العین اور ہماری خوش قسمتی ہے، پاکستان نے صرف اپنا دفاع کیا، یہ بھارت ہے جس نے بزدلانہ حملہ کیا تھا۔
ترجمان پاک فوج نے مزید کہا کہ بھارت نے نہتے اور معصوم شہریوں بشمول بچوں اور عورتوں پر بزدلانہ حملہ کیا، پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے اور اس جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، پاکستان اپنی مرضی کی جگہ اور وقت کے مطابق اس جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، بھارت کی بوکھلاہٹ اور پاگل پن کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، کیا بھارت یہ نہیں جانتا کہ ہم جذبہ شہادت سے سرشار ایک مضبوط فوج ہیں۔