LOADING

Type to search

اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) لیفٹیننٹ کرنل ظہیرعباس طوری کے صاحبزادے کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، آئی ایس پی آر

Share this to the Social Media

اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) لیفٹیننٹ کرنل ظہیرعباس طوری کے صاحبزادے کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف سمیت دیگر وزرا اور افسران نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے علاقے دوارندی میں بھارتی فورسز کی بلا اشتعال سرحدی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے سات سالہ ارتضاعباس طوری، جو لیفٹیننٹ کرنل ظہیرعباس طوری کے صاحبزادے تھے، کی نمازِ جنازہ اسلام آباد میں ادا کی گئی۔
آرئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نمازِ جنازہ میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سمیت اعلی فوجی و سول حکام، حاضر و ریٹائرڈ افسران، فوجی جوانوں اور شہید کے اہلِ خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ارتضی عباس کے نمازِ جنازہ میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیرِدفاع خواجہ محمد آصف، وزیراطلاعات سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق نمازِ جنازہ کے بعد وزیرِاعظم شہباز شریف نے بھارت کی بلااشتعال جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بزدلی اور سفاکیت کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی یہ غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں اس جارحانہ اور تکبر پر مبنی ذہنیت کی عکاسی کرتی ہیں، جو خطے اور دنیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
صدر مملکت اور وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج تمام محاذوں پر بھارتی جارحیت کا ڈٹ کر اور منہ توڑ جواب دے رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی ایسی کھلی خلاف ورزیوں کو پاکستان فیصلہ کن انداز میں جواب دے گا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارتی رویہ علاقائی و عالمی امن کے لئے شدید خطرہ ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شہید کی مغفرت کی دعا کی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *