LOADING

Type to search

مظفرآباد (بگ ڈیجٹ) بھارتی جھوٹ کو بے نقاب کرنے کیلئے پاکستان کا عالمی و قومی میڈیا کو آزاد کشمیر لے جانے کا اعلان

Share this to the Social Media

مظفرآباد (بگ ڈیجٹ)(آئی پی ایس )بھارتی میڈیا نے من گھڑت خبر چلاتے ہوئے آزاد کشمیر میں خیالی دہشتگردی کے کیمپس کی رپورٹس نشر کرنا شروع کردیں۔ پاکستان نے اس جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لیے بین الاقوامی اور قومی میڈیا کے آزاد کشمیر کے دورے کا اہتمام کر لیا، تاکہ میڈیا نمائندگان کو ان تمام علاقوں کا دورہ کروایا جا سکے جہاں بھارتی گودی میڈیا جھوٹے دہشتگرد کیمپوں کا پروپیگنڈا کرتا رہا ہے۔ ٹائمز آف انڈیا جیسے اداروں نے بے بنیاد دعوے کیے ہیں، جنہیں زمینی حقائق سے جھٹلایا جائے گا۔

بھارت کی جانب سے ایک بار پھر خطے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی، بھارتی میڈیا نے آزاد کشمیر میں خیالی دہشت گردی کے کیمپس سے متعلق بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی رپورٹس نشر کرنا شروع کر دی ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انڈین میڈیا کی یہ مہم محض پروپیگنڈا اور جھوٹ پر مبنی ہے، جس کا مقصد بین الاقوامی رائے عامہ کو گمراہ کرنا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ان جھوٹے دعوں کو پوری طرح بے نقاب کرے گا، اور اس ضمن میں بین الاقوامی اور قومی میڈیا کے نمائندگان کو آزاد کشمیر کے ان تمام علاقوں کا کل دورہ کروایا جائے گا، جہاں بھارتی میڈیا جھوٹے دہشت گرد کیمپوں کا ڈرامہ رچا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق ٹائمز آف انڈیا اور انڈیا ٹوڈے جیسے گودی میڈیا اداروں نے دعوی کیا کہ دہشت گرد ایل او سی کے قریب اپنے مبینہ ٹھکانے چھوڑ کر فرار ہو چکے ہیں اور انہیں بھارت میں داخل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

ان رپورٹس میں کیل، دودھنیال، اتمقم، جورا، لیپا، پچھیبان، فارورڈ کہوٹہ، کوٹلی، کھوئی رٹہ، مینڈھر، نکیل، چمن کوٹ اور جان کوٹ جیسے مقامات کے نام جھوٹ کے طور پر شامل کیے گئے۔پاکستان ان تمام مقامات کا میڈیا نمائندگان کو دورہ کروا کر بھارتی جھوٹ کا پردہ چاک کرے گا۔ سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارت ان علاقوں کے نام لے کر جارحیت کا نیا بہانہ تراش سکتا ہے، لیکن دنیا کو سچ دکھانے کے لیے پاکستان پرعزم ہے۔ یاد رہے کہ بھارت پہلے بھی پہلگام جیسے فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کر چکا ہے، مگر ہمیشہ ہی اسے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *