تحریر ریحان خان
اسلام آباد، جمعرات، یکم مئی 2025 (بگ ڈیجٹ): سعودی عرب کے سفارتخانے نے جمعرات کے روز یومِ مزدور کے موقع پر ایک مختصر ویڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں مملکت میں کام کرنے والے پاکستانی محنت کشوں کو ان کی خدمات، خلوص اور قربانیوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
یہ ویڈیو سفارتخانے کے سرکاری پلیٹ فارم “ایکس” (X) پر جاری کی گئی، جس میں پاکستانی مزدوروں کو صرف کارکن نہیں بلکہ “بھائی اور دوست” قرار دیا گیا ہے جو سعودی عرب میں خوابوں کی تعبیر کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں اردو زبان میں بتایا گیا: “جنوب کے پہاڑوں سے لے کر ریاض کی گلیوں تک، صحرا کی گہرائیوں سے لے کر فلک بوس عمارتوں تک، کچھ لوگ ہیں جو خاموشی سے، خلوصِ دل سے اپنا کام مکمل کرتے ہیں۔”
پیغام میں سعودی عوام اور پاکستانی افرادی قوت کے درمیان قریبی تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ محنت کش صرف روزگار کی تلاش میں نہیں بلکہ سعودی عرب کے مستقبل کی تعمیر میں عملی کردار ادا کرنے کے لیے یہاں آئے ہیں۔
“آپ کی قربانیوں سے ہم آگے بڑھتے ہیں اور آپ کے خلوص سے ہم کامیاب ہوتے ہیں، آپ کی موجودگی ہمارے درمیان اجنبیت نہیں بلکہ بھائی چارے کی علامت ہے۔”
یومِ مزدور کے موقع پر سفارتخانے نے سعودی عرب میں کام کرنے والے ہر پاکستانی محنت کش کا “دل سے شکریہ” ادا کیا۔
ویڈیو ایک پُراثر پیغام پر اختتام پذیر ہوتی ہے: “سعودی عرب کی جانب سے ہر پاکستانی مزدور کے لیے دل سے شکریہ.