LOADING

Type to search

اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں “انادولو کریئیٹر لیب” کا افتتاح، ترکی-پاکستان تکنیکی شراکت داری کی علامت

Share this to the Social Media

تحریر ریحان خان

اسلام آباد، بدھ، 30 اپریل 2025 (بگ ڈیجٹ): ترک ادارہ برائے تعاون و ہم آہنگی (ٹیکا) نے بدھ کے روز نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں جدید ترین “انادولو کریئیٹر لیب” کا افتتاح کیا، جو پاکستان میں تعلیم و جدت کے شعبوں میں ترکی کی مسلسل معاونت کا ایک اور سنگِ میل ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے (ٹیکا) پاکستان کی کنٹری ہیڈ صالحہ تُونا نے پاکستانی نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور تعلیمی اشتراک سے بااختیار بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا، “انادولو کریئیٹر لیب صرف ایک جدید تکنیکی سہولت نہیں بلکہ یہ ترکی اور پاکستان کے درمیان گہرے تعلقات کی علامت ہے، جو جدت، علم اور باہمی اعتماد کی مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں۔”

یہ لیب جدید تھری ڈی پرنٹرز اور ڈیجیٹل فیبری کیشن ٹولز سے آراستہ ہے، جو طلبہ اور محققین کو تخلیقی، تحقیقی اور عملی سیکھنے کے مواقع فراہم کرے گی۔

صالحہ تُونا نے کہا، “جب ہم نوجوان اذہان میں سرمایہ کاری کرتے ہیں اور اشتراکی جگہیں فراہم کرتے ہیں تو ہم پائیدار ترقی کی بنیاد رکھتے ہیں۔” انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سہولت نئے خیالات اور حلوں کے لیے ایک نرسری ثابت ہوگی۔

تقریب میں وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان، پاکستان میں ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نیزیراوغلو، شمالی قبرص کی ترک جمہوریہ کی سفیر محترمہ دلشاد شینول، نسٹ کے ریکٹر ڈاکٹر زاہد لطیف، فیکلٹی اراکین، طلبہ و طالبات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

(ٹیکا) کی مجموعی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے تُونا نے بتایا کہ ادارہ 2010 سے اب تک پاکستان میں 683 ترقیاتی منصوبے مکمل کر چکا ہے، جن میں 151 صرف تعلیم کے شعبے سے متعلق ہیں۔

انہوں نے گزشتہ برس کے دوران شروع کیے گئے چند نمایاں منصوبوں کا حوالہ دیا، جن میں PIEAS میں کوانٹم آپٹکس لیب، ہزارہ یونیورسٹی میں بلڈنگ انفارمیشن ماڈلنگ (BIM) لیب، پنجاب یونیورسٹی کے فلم و براڈکاسٹنگ ڈیپارٹمنٹ میں میڈیا لیب، اور راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں زولوجیکل ڈائیورسٹی لیب شامل ہیں۔ “یہ تمام منصوبے اس بات کا مظہر ہیں کہ (ٹیکا) کا ماننا ہے کہ تعلیم تبدیلی کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے،” انہوں نے کہا۔

انہوں نے سابق TIKA کوآرڈینیٹر محسن بالشے اور موجودہ ٹیم ممبر محمد انیس خان کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے انادولو کریئیٹر لیب کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔

اپنی اختتامی گفتگو میں صالحہ تُونا نے امید ظاہر کی کہ یہ لیب ترکی اور پاکستان کے مابین دوستی اور تعاون کی ایک پائیدار علامت کے طور پر قائم رہے گی۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *