LOADING

Type to search

اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) سرینا اور میریٹ ہوٹلز کو بم دھمکیاں، سکیورٹی ادارے حرکت میں آگئے

Share this to the Social Media

اسلام آباد (بگ ڈیجٹ): وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی اداروں کو بین الاقوامی نمبر سے موصول ہونے والی مشکوک کالز نے ہلچل مچا دی، جن میں سرینا اور میریٹ ہوٹلز کو بم دھماکوں کا نشانہ بنانے کی دھمکیاں دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق، سرینا ہوٹل کے عملے کو ایک بین الاقوامی نمبر سے کال موصول ہوئی، جس میں نامعلوم شخص نے دعویٰ کیا کہ ہوٹل کی پارکنگ میں موجود ایک گاڑی (رجسٹریشن نمبر BTJ 718) میں دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا ہے۔

کال موصول ہوتے ہی بم ڈسپوزل (بی ڈی) ٹیم کو فوری طور پر موقع پر روانہ کیا گیا۔ پارکنگ ایریا کی مکمل جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ مذکورہ گاڑی وہاں موجود نہیں تھی۔ بی ڈی ٹیم نے احتیاطاً پارکنگ میں موجود تمام گاڑیوں کی تلاشی لی، تاہم کوئی مشکوک شے برآمد نہیں ہوئی۔

چند منٹ بعد اسی بین الاقوامی نمبر سے ایک اور کال موصول ہوئی، اس بار دھمکی کا نشانہ میریٹ ہوٹل تھا۔ کال کرنے والے نے دعویٰ کیا کہ ایک اور گاڑی (رجسٹریشن نمبر 4255) میں بم نصب ہے جو میریٹ ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی ہے۔

اس اطلاع پر ایک اور بی ڈی ٹیم فوری طور پر میریٹ ہوٹل روانہ کی گئی۔ وہاں پہنچنے پر معلوم ہوا کہ مذکورہ رجسٹریشن نمبر کی کوئی گاڑی موقع پر موجود نہیں۔ ٹیم نے احتیاطی طور پر پارکنگ کی مکمل تلاشی لی لیکن کوئی دھماکہ خیز مواد یا مشکوک چیز برآمد نہ ہو سکی۔

پولیس ذرائع کے مطابق دونوں واقعات کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، اور بین الاقوامی نمبر سے کال کرنے والے کی شناخت اور ارادوں کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *