LOADING

Type to search

اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) ٹکا کا یتیم بچوں کے لیے خصوصی افطار، ترک-پاکستانی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم

Share this to the Social Media

تحریر: ریحان خان

اسلام آباد، پیر، 17 مارچ 2025 (بگ ڈیجٹ): ترکی کی تعاون و ہم آہنگی ایجنسی (ٹکا) نے پیر کے روز عالمی یتیم دن کے موقع پر ایک خصوصی افطار کا اہتمام کرکے ترکی اور پاکستان کے درمیان انسانی ہمدردی پر مبنی تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاکستان بیت المال کے اشتراک سے منعقدہ اس تقریب میں 200 یتیم بچوں کو مدعو کیا گیا، جس کا مقصد رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں محبت، یکجہتی اور بھائی چارے کے جذبے کو اجاگر کرنا تھا۔

اس موقع پر (ٹکا)کی کنٹری ہیڈ صالحہ تُونا نے شرکاء کا استقبال کیا اور معزز مہمانوں اور بچوں کو دلی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا، “رمضان صرف روزے رکھنے کا نام نہیں بلکہ یہ ہمدردی، اتحاد اور دوسروں کے ساتھ اپنی خوشیاں بانٹنے کا مہینہ ہے۔”

(ٹکا)کی جاری فلاحی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، تُونا نے بتایا کہ ایجنسی نے حال ہی میں پاکستان بیت المال کے تعاون سے مختلف علاقوں میں 1,500 خاندانوں میں راشن پیک تقسیم کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، “آج ہم یہاں صرف ایک کھانے کے لیے جمع نہیں ہوئے بلکہ ہم اپنے پیارے بچوں کو یہ احساس دلانے آئے ہیں کہ وہ کتنے قیمتی، خاص اور ہمارے دل کے قریب ہیں۔”

بچوں کو پاکستان کے مستقبل کے رہنما، سائنسدان، شاعر، فنکار، اساتذہ، انجینئرز اور ڈاکٹرز قرار دیتے ہوئے، تُونا نے انہیں عظیم خواب دیکھنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا، “ہوسکتا ہے کہ آپ میں سے کوئی ایسا موجد بنے جو دنیا کو بدل کر رکھ دے، یا ایک ایسا معلم جو آئندہ نسلوں کو متاثر کرے۔” انہوں نے نبی کریم ﷺ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود یتیم تھے، مگر انہوں نے اپنی زندگی کو انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کیا۔

بچوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے، تُونا نے یقین دہانی کرائی کہ ترکی ہمیشہ ان کی کامیابی اور بھلائی کے لیے دعاگو رہے گا۔ انہوں نے کہا، “ہم یہاں ترک عوام کی محبت اور دوستی کا پیغام لے کر آئے ہیں۔”

انہوں نے تقریب کے انعقاد میں پاکستان بیت المال اور الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا، جبکہ ترک یونیورسٹی کے طلبہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے بچوں کے ساتھ بڑے بہن بھائیوں کی طرح وقت گزارا۔ اس موقع پر ترکی کے تعلیمی اتاشی محمت تویران اور مذہبی امور کے قونصلر عبدالرحمن آقوش نے بچوں کے لیے میگزین کے تحائف بھی پیش کیے۔

آخر میں، تُونا نے رمضان کی برکتوں کی دعا کی اور تمام شرکاء کے لیے خوشحالی اور فلاح و بہبود کی تمنائیں کیں۔

یہ تقریب ترکی اور پاکستان کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات کا مظہر تھی، جو مشترکہ اقدار، ہمدردی اور کمزور طبقات کی حمایت کے جذبے کو مزید تقویت بخشتی ہے

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *