واشنگٹن (بگ ڈیجٹ) دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے دولت مندی کا ایک ایسا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹیسلا اور اسپیس ایکس جیسی کمپنیوں کے مالک ایلون مسک دنیا کے پہلے ایسے فرد بن گئے ہیں جن کی دولت 600ارب ڈالرز کے ہندسے کو چھونے میں کامیاب ہوئی۔
ان کی کمپنی اسپیس ایکس کی قدر 800 ارب ڈالرز قرار پانے کے نتیجے میں 15 دسمبر کو ایلون مسک کی دولت میں 167 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا۔اس اضافے کے بعد وہ اب 638 ارب ڈالرز کے مالک بن گئے ہیں اور دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص لیری پیج (265 ارب ڈالرز)سے 373 ارب ڈالرز زیادہ کے مالک ہیں۔2024 کے دوران ایلون مسک کی دولت میں اب تک 205 ارب ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔
ایلون مسک اسپیس ایکس کے 42 فیصد حصص کے مالک ہیں اور یہ کمپنی اگلے سال حصص کو عوامی فروخت کے لیے پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔اسپیس ایکس سے ہٹ کر ایلون مسک ٹیسلا کے 12فیصد حصص کے مالک بھی ہیں اور اس کمپنی سے بھی ان کی دولت میں رواں سال 13 فیصد اضافہ ہوا۔15 دسمبر کو بھی ٹیسلا کے حصص میں اضافے سے ایلون مسک کی دولت میں لگ بھگ 4 فیصد اضافہ ہوا۔نومبر 2025 میں ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے ایلون مسک کو ایک ہزار ارب ڈالرز معاوضہ دینے کا پیکج منظور کیا تھا جو مخصوص شرائط پوری کرنے پر انہیں ملے گا۔
ایلون مسک اب دنیا کے پہلے ٹریلین ائیر بننے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ٹریلین ائیر سے مراد ایک ہزار ڈالرز کا مالک ہونا ہے اور بظاہر 2026 میں ایلون مسک یہ ہدف حاصل کرسکتے ہیں۔ایسا اسپیس ایکس کے حصص عوامی فروخت کے لیے پیش کرنے کی صورت میں ممکن ہو جائے گا۔