اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) غیرملکی دورے کیلئے یس ویمن بیس بال ٹریننگ کیمپ 12دسمبر 2025 سے اسلام آباد میں لگایا جائے گا، یس ویمن بیس بال کلب و اکیڈمی کی ٹیم جنوری 2026 میں غیرملکی دورہ کرے گی۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال (پی ایف بی) کے سیکرٹری جنرل طاہر محمود نے بتایا کہ یوتھ ایجوکیشن اینڈ سپورٹس (YES) ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام تربیتی کیمپ میں 30 خواتین کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا جبکہ غیر ملکی دورے کیلئے 3 جنوری 2026 کو یس کلب کے حتمی 18 رکنی سکواڈ کا انتخاب کیا جائے گا۔ سویرا خان کو یس ویمن بیس بال ٹریننگ کیمپ کیلئے کوآرڈنیٹر مقرر کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد بیس بال ایسوسی ایشن کی جانب سے ٹریننگ کیمپ کیلئے یس کلب کیساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا اور فیڈریشن کی جانب سے پروفیشنل کوچز سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ یس ویمن بیس بال اکیڈمی کی ٹیم 2022 میں بھی پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی ملائشیا کی نیشنل ویمن بیس بال ٹیم کے خلاف لاہور میں میچ کھیل چکی ہے اور اب 2026 میں یس اکیڈمی کی کلب ٹیم مختلف غیرملکی کلبوں، اکیڈمیوں، یونیورسٹیوں اور دیگر ٹیموں کیخلاف ہوم اور اوے دوستانہ سیریز کھیلنے کی تیاری کر رہی ہے جس کے این او سی کیلئے یس انتظامیہ رواں ہفتے درخواست جمع کرائے گی۔

