کراچی (بگ ڈیجٹ) کراچی یوسی 14 میاوالی کالونی میں بجلی کی طویل بندش نے ہزاروں رہائشیوں کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔ علاقے میں موسم سرما کے باوجود کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہتی ہے۔ دفتر جانے والے افراد اور اسکول جانے والے بچے شدید پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔
رہائشیوں کے مطابق کے الیکٹرک بغیر اطلاع کے اہم فیڈرز سے بجلی معطل کر دیتا ہے۔ اس بندش سے پیر احمد شاہ، شیر عالم، مگسی محلہ، اکبر علی کاچھیلو، مگسی برادری اور اعوان کالونی سمیت کئی محلوں کے لوگ متاثر ہوتے ہیں مرد، خواتین اور بچے گھروں میں شدید تکلیف میں رہتے ہیں۔ پانی کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔ روزمرہ امور رک جاتے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے اس صورتحال کو ظالمانہ قرار دیا ہے۔ شہریوں نے کہا کہ موسم سرما میں مسلسل بجلی کی بندش سمجھ سے باہر ہے۔ کے الیکٹرک انتظامیہ عوامی مشکلات سے بے پرواہ ہےرہائشیوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی بد انتظامی کا نوٹس لیا جائے۔ متعلقہ علاقوں میں بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ لوگ معمول کی زندگی گزار سکیں۔