کراچی (بگ ڈیجٹ) کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے ساتویں بار جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 2.4 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق لانڈھی فالٹ لائن پر ساتویں بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، گہرائی 188 کلومیٹر ریکارڈ کی گء جبکہ زلزلے کا مرکز ملیر کے مشرق میں 11 کلومیٹر فاصلے پر تھا۔اس سے پہلے اسی فالٹ لائن پر کچھ دیر پہلے 3.2 شدت کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز کراچی کے علاقے قائد آباد کے نزدیک تھا۔
واضح رہے کہ بعد از نصف شب بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔زلزلے کے جھٹکے ملیر، لانڈھی، قائد آباد میں محسوس کئے گئے جس کے بعد ان علاقوں کے عوام شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں اتوار کی شام پانچ بجکر 33 منٹ پر 3 اعشاریہ 6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔