راولپنڈی (بگ ڈیجٹ) افواجِ پاکستان نے اپنی سافٹ کِل (تکنیکی) اور ہارڈ کِل (ہتھیاروں) کی صلاحیتوں سے اب تک 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کو مار گرایا ہے۔
یہ ڈرون حملے بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کے بزدلانہ حملے کے بعد کیے جا رہے ہیں، جن میں بھارت کے 5 جدید طیارے، ڈرونز، متعدد پوسٹیں تباہ ہوئیں اور فوجی جانی نقصان بھی ہوا۔ اس شکست کے بعد بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کے ذریعے پاکستان پر حملے کر رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، بھارت کے یہ بزدلانہ اقدامات اس کی پریشانی اور گھبراہٹ کی علامت ہیں۔
لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے اور پاکستانی افواج کی جوابی کارروائی سے بھارتی فوج کو مسلسل نقصان ہو رہا ہے۔
پاکستان کے مختلف علاقوں سے گرائے گئے ہیروپ ڈرونز کا ملبہ بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے، جو دشمن کے عزائم کی ناکامی کا ثبوت ہے۔
افواجِ پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہیں اور اس کے تمام ناپاک عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔