تحریر ریحان خان
اسلام آباد، جمعرات، یکم مئی 2025 (بگ ڈیجٹ): پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن نے جمعرات کی شام سلک روڈ کلچرل سینٹر میں بنگلہ نیا سال ’پوہیلا بوئیشاکھ‘ کی شاندار اور رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا، جس میں اس تہوار کی تاریخی اور زرعی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے بتایا کہ پوہیلا بوئیشاکھ کی بنیاد مغلیہ دور میں رکھی گئی، جب شہنشاہ اکبر اعظم نے کسانوں کی سہولت کے لیے بنگلہ کیلنڈر کو باضابطہ طور پر متعارف کروایا۔
انہوں نے کہا، “یہ دن خاص تاریخی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ اس کا مقصد فصلوں کی بوائی اور کٹائی کے لیے مہینوں کی وضاحت کرنا تھا تاکہ کسان بہتر طریقے سے فصلوں کا نظام چلا سکیں۔”
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، سفارتی برادری، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی۔ سیکرٹری اطلاعات و نشریات امبرین جان اس تقریب کی مہمانِ خصوصی تھیں۔
اپنے خطاب میں امبرین جان نے بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے ذاتی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تقریباً چھ سال ڈھاکہ میں تعیناتی کا موقع ملا، جہاں انہوں نے پاکستان ہائی کمیشن میں پوہیلا بوئیشاکھ کی تقریبات میں شرکت کی اور پہلی بار بنگلہ دیش کی روایتی ساڑھی زیب تن کی۔
انہوں نے کہا، “یہ صرف ایک ثقافتی تقریب نہیں بلکہ زندگی کا جشن ہے۔” ساتھ ہی انہوں نے اس تقریب کے انعقاد پر بنگلہ دیشی ہائی کمیشن کی کاوشوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان میڈیا، ثقافت اور عوامی سطح پر تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا، “ہم بنگلہ دیش کے ساتھ ہر سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔”
تقریب میں بنگلہ دیشی اور پاکستانی ثقافتی پرفارمنسز پیش کی گئیں، بنگلہ دیشی کھانوں سے تواضع کی گئی، اور مہمانوں نے روایتی لباس زیب تن کیے۔ بنگلہ دیشی موسیقی اور لوک گیتوں نے حاضرین کو محظوظ کیا اور ماحول کو مسرّت اور ہم آہنگی سے بھر دیا۔
یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان گہرے ثقافتی روابط اور فن، روایت و تاریخ کی یکجائی طاقت کی علامت بنی