اسلام آباد (بگ ڈیجٹ): (پ ر: مورخہ 25 مارچ، 2025):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ای گورننسں، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور کیش لیس معیشت کے حوالے سے خصوصی اجلاس
اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل شہر بنانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے -چیرمین سی ڈی محمد علی رندھاوا کی
ہدایت
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منگل کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے اہم اجلاس میں وفاقی دارلحکومت اسلام آبادکو ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، جدید ٹریفک نظام اور کیش لیس معیشت کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے. اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا مکمل ڈیجیٹل شہر بنانے کے منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے.
اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ ممبران اور تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی. چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد کو ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے پاکستان کا ماڈل شہر بنایا جائے گا جسمیں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ٹریفک نظام، کیش لیس معیشت کے نظام کے زریعے
شہریوں کی مشکلات کا بروقت ازالہ کیاجائے گا۔
اجلاس میں شہر میں جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا. اس نظام میں ڈرون نگرانی، گوگل ڈیٹا کی مدد سے رش کا تجزیہ اور خودکار اسپیڈ کی مانیٹرنگ شامل ہوگی. اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک جام کے خاتمے کیلئے شہر کے 11 اہم مقامات پر فوری اور بروقت اقدامات کی بدولت ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی جبکہ دیگر مقامات پر جامع اسٹڈیز جاری ہیں
واضح رہے شہر کو کیش لیس سسٹم کے نفاذ کیلئے بھی اہم فیصلے کیے گئے ہیں جیسا کہ تمام ادائیگیں ڈیجیٹل اور کیش لیس کی جائیں گی جس کیلئے کیو آر کوڈ سسٹم متعارف کرایا جائے گا. کاروباری مراکز، ریستورانز اور دکانداروں کو ایف بی آر کے ساتھ ڈیجیٹل لنک کرنے پر مراعات دی دینے پر بھی غور کیا گیا. ابتدائی طور پر بلیو ایریا، فوڈ اسٹریٹ اور پارکنگ پلازہ میں کیش لیس نظام لاگو کیا جائے گا. صارفین ڈیجیٹل یا نقد ادائیگی میں سے کوئی بھی طریقہ اختیار کرسکیں گے
شہر میں مرحلہ وار مفت وائی فائی اور ہائی سپیڈ انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کا بھی جائزہ لیاگیا۔ واضح رہے سی ڈی اے کا ون ونڈو سسٹم مکمل طور پر ڈیجیٹللائز ہوچکا ہے جہاں تمام ادائیگیاں آن لائن کی جاتی ہیں
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں اور کیش لیس نظام سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ عوام کو جدید سہولیات بھی میسر آئیں گی. انہوں نے کہا کہ ہم عالمی معیار کے مطابق سی ڈی اے کو مکمل ڈیجیٹل ادارہ بنائیں گے. انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی ترقی اور ڈیجیٹلائزیشن کے یہ اقدامات ملک بھر کیلئے ایک مثال قائم کریں گے. چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے کا عزم ہے کہ جلد از جلد شہریوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں