تحریر: ریحان خان
اسلام آباد، جمعہ، 14 مارچ 2025 (بگ ڈیجٹ): کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) نے پاکستان میں شدید سردی اور قدرتی آفات سے متاثرہ کمیونٹیز کی مدد کے لیے ونٹر کٹس پروجیکٹ 2025 کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
کے ایس ریلیف نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے تعاون سے 52 اضلاع میں 50,000 ونٹر کٹس تقسیم کیں۔ اس امدادی مہم کے تحت خیبرپختونخوا کے 17، گلگت بلتستان کے 10، بلوچستان کے 11، آزاد جموں و کشمیر کے 6، سندھ کے 6 اور پنجاب کے 2 اضلاع میں شدید سردی سے متاثرہ اور پسماندہ خاندانوں کو امداد فراہم کی گئی۔
ہر ونٹر کٹ میں دو اعلیٰ معیار کی پالیسٹر رضائیاں، مردوں اور خواتین کے لیے گرم شال کٹس، اور بچوں و بڑوں کے لیے گرم کپڑے شامل تھے تاکہ شدید سرد موسم میں مستحق افراد کو مناسب تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ یہ تقسیم سرکاری اداروں کے قریبی اشتراک اور حیات فاؤنڈیشن کے تعاون سے عمل میں لائی گئی۔
یہ منصوبہ 3,37,079 سے زائد افراد کے لیے سودمند ثابت ہوا، جس سے کے ایس ریلیف کی انسانی ہمدردی کے تحت کی جانے والی کاوشوں اور مشکل وقت میں کمزور طبقات کی مدد کے عزم کا اعادہ ہوتا ہے۔ کے ایس ریلیف عالمی سطح پر امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش رہتے ہوئے مشکل حالات میں متاثرین کو ضروری امداد فراہم کر رہا ہے۔