رپورٹ: ریحان خان
اسلام آباد (بگ ڈیجٹ): کنگ سلمان ریلیف سنٹر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ، محکمہ ریلیف، بحالی اور آبادکاری ، اور پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے تعاون سے خیبر پختونخوا اور اس کے ضم شدہ اضلاع کے مستحق افراد کی مدد کے لیے ایک اہم اقدام کا آغاز کیا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد خوراک کی کمی کے شکار افراد، خاص طور پر غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے لوگوں کی مدد کرنا ہے۔ اس مقصد کے تحت 10,000 فوڈ پیکجز تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
یہ تقسیم کنگ سلمان ریلیف سنٹر فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ 2024-25 کے پہلے مرحلے کا حصہ ہے، جس میں خیبر پختونخوا کے 14 اضلاع شامل ہیں، جن میں تورغر، اورکزئی، کرم، اپر چترال، ہنگو، اپر کوہستان، شانگلہ، ٹانک، جنوبی وزیرستان لوئر، جنوبی وزیرستان اپر، شمالی وزیرستان، لوئر چترال، ڈیرہ اسماعیل خان، اور اپر دیر شامل ہیں۔ کرم ضلع کے بے گھر افراد کے لیے، جو اس وقت تحصیل تھل میں مقیم ہیں اور خوراک کی قلت کا شکار ہیں، 500 فوڈ پیکجز مختص کیے گئے ہیں۔ ادارے نے ترجیحی بنیادوں پر ہنگو ضلع کے کیمپ میں مقیم کرم کے بے گھر خاندانوں میں کامیابی کے ساتھ 500 فوڈ پیکجز تقسیم کیے۔
ہر فوڈ پیکج، جو 95 کلوگرام وزنی ہے، میں 80 کلوگرام آٹا، 5 لیٹر کوکنگ آئل، 5 کلوگرام چینی، اور 5 کلوگرام دال چنا شامل ہیں۔ تقسیم کا عمل شفاف طریقے سے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی نگرانی ، ضلعی انتظامیہ ، مقامی حکام اور پیس اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے کیا جا رہا ہے