لاہور (بگ ڈیجٹ) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کی مسیحی اسیران و ملازمین سے یکجہتی، کرسمس کے موقع پر دفتر میں کیک کٹنگ تقریب
دفترِ انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میں مسیحی اسیران اور مسیحی جیل ملازمین کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لیے کرسمس کے موقع پر ایک پروقار کیک کٹنگ تقریب منعقد کی گئی، جس میں آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نزیر نے خصوصی شرکت کی اور مسیحی ملازمین کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا۔
تفصیلات کے مطابق تقریب میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز میاں سالک جلال اور ڈی آئی جی سرگودھا ریجن سعید اللّٰہ گوندل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کرسمس کی خوشیوں کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات نے پنجاب بھر کی جیلوں میں مقید مسیحی اسیران اور محکمہ جیل خانہ جات میں خدمات انجام دینے والے مسیحی ملازمین کو دلی مبارکباد پیش کی۔آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نزیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے تمام افسران اور ملازمین ایک خاندان کی مانند ہیں اور ہم اپنے مسیحی بھائیوں اور بہنوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جیل خانہ جات پنجاب میں مسیحی ملازمین مختلف اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دے رہے ہیں اور ان کی خدمات قابلِ قدر ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کرسمس کے موقع پر پنجاب کی تمام جیلوں میں بھی مسیحی اسیران اور مسیحی ملازمین کی خوشیوں میں شرکت کے لیے کیک کٹنگ تقریبات اور دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دیا جا سکے۔تقریب کے شرکاء نے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں محکمانہ ہم آہنگی اور باہمی احترام کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔