LOADING

Type to search

اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت کی کاروباری برادری سے اپیل: پاکستان کے محروم بچوں کی تعلیم کیلئے منافع کا 1 فیصد مختص کریں

Share this to the Social Media

اسلام آباد (بگ ڈیجٹ):-وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت کی کاروباری برادری سے اپیل: پاکستان کے محروم بچوں کی تعلیم کیلئے منافع کا 1 فیصد مختص کریں

گرین کریسنٹ ٹرسٹ پسماندہ طبقات کی تعلیم کیلئے شاندار خدمات انجام دے رہا ہے، سردار یاسر الیاس خان

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے کاروباری برادری پر زور دیا ہے کہ وہ سماجی تبدیلی میں قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے اپنے منافع کا کم از کم ایک فیصد پاکستان کے 2 کروڑ 60 لاکھ سے زائد اسکول سے باہر بچوں کی تعلیم پر خرچ کریں۔
وہ اسلام آباد کی کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے، جس کا مقصد سندھ کے پسماندہ علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے گرین کریسنٹ ٹرسٹ (جی سی ٹی) کی مہم کیلئے بھرپور معاونت حاصل کرنا تھا۔ یہ تقریب راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عثمان شوکت نے منعقد کی۔تقریب میں اسلام آباد کے نمایاں صنعتکاروں کی بھرپور شرکت کو سراہتے ہوئے سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ ناخواندگی کے خاتمے اور پاکستان کی تیز رفتار ترقی کیلئے تعلیم کلیدی کردار رکھتی ہے، جو ملک کو چین کی طرح عالمی سطح پر ایک مضبوط اور مؤثر طاقت بنا سکتی ہے۔انہوں نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ جی سی ٹی جیسے مخلص اداروں کی معاونت جاری رکھیں جو پسماندہ علاقوں میں معیاری اسکول قائم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقے کے مضبوط تعاون سے جی سی ٹی سندھ میں اپنے رفاعی اسکولوں کی تعداد کو ریکارڈ وقت میں دوگنا کر سکتا ہے۔ “ہمارا ہدف ہے کہ ملک کے ہر محروم علاقے میں فلاحی بنیادوں پر قائم معیاری اسکولوں کا پائیدار نیٹ ورک موجود ہو۔”
مشیرِ وزیراعظم نے جی سی ٹی کے قابل فخر سابق طلبہ، خصوصاً خواتین، کو بھی سراہا جو انہی اسکولوں میں واپس آکر تدریسی خدمات انجام دے رہی ہیں، یوں پسماندہ علاقوں کو با اختیار اور ترقی یافتہ بنانے کا سلسلہ فروغ پارہا ہے۔انہوں نے سرکاری شعبے میں تعلیم اور صحت کے لیے مختص خطیر بجٹ کے شفاف استعمال پر بھی زور دیتے ہوئے سخت احتساب کو ضروری قرار دیا۔
سردار یاسر الیاس خان نے جی سی ٹی کے سی ای او زاہد سعید کے فلاحی وژن کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پاکستان سے ناخواندگی کے خاتمے کیلئے کوشاں مخیر حضرات کے لیے ایک رول ماڈل قرار دیا۔انہوں نے زاہد سعید کے اس اعلان کو بھی خوب سراہا کہ 2026 سے جی سی ٹی سندھ سے باہر بھی اپنی تعلیمی خدمات کو دیگر صوبوں تک توسیع دے گا، یوں ناخواندگی کے خلاف جدوجہد حقیقی معنوں میں قومی سطح کی مہم بن جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زاہد سعید نے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے گزشتہ برس تعلیم اور صحت پر مجموعی طور پر 3.2 ٹریلین روپے خرچ کیے، جو پاکستان کے دفاعی بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ رقم شفافیت کے ساتھ خرچ کی جائے تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔
انہوں نے اسلام آباد کی کاروباری برادری کا سندھ کے ناخواندہ بچوں کی تعلیم کیلئے بے مثال تعاون پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 31 برسوں میں مخیر حضرات کی مسلسل معاونت کے باعث جی سی ٹی سندھ کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں تعلیمی ترقی کی سب سے بڑی قوت بن کر ابھرا ہے۔ ٹرسٹ اس وقت رفاعی بنیادوں پر 173 اسکول چلا رہا ہے، جن میں 34,660 طلبہ زیر تعلیم ہیں، جن میں سے 40 فیصد سے زائد طالبات ہیں۔ ان میں 2,150 یتیم بچے بھی شامل ہیں جنہیں خصوصی تعلیمی اور فلاحی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ وسیع تعلیمی نیٹ ورک 2,000 سے زائد تربیت یافتہ اساتذہ پر مشتمل ہے۔

زاہد سعید نے کہا کہ “مخیر حضرات کے بھرپور تعاون کی بدولت ہم اپنے وژن 2030 کے حصول کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں۔”انہوں نے کہا کہ ٹرسٹ اگلے پانچ برسوں میں اپنے اسکولوں کی تعداد 250 تک بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کے ذریعے سندھ کے 100,000 پسماندہ بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جی سی ٹی وفاقی و صوبائی حکومتوں اور ہم خیال غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ مل کر پسماندہ برادریوں کے بچوں کو معیاری اسکول ایجوکیشن فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ اس سلسلے میں جی سی ٹی نے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن، محمد شفیع ٹرسٹ اور دیگر نمایاں این جی اوز کے ساتھ اشتراک کر رکھا ہے۔تقریب کے اختتام پر مشیر وزیراعظم نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کو سندھ کے پسماندہ بچوں کی تعلیم کیلئے ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی سند پیش کی اور انہیں جی سی ٹی کا باضابطہ برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا۔ زاہد سعید نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ بھر میں ناخواندہ بچوں کی تعلیم کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

X