واشنگٹن (بگ ڈیجٹ)(آئی پی ایس) پاکستان کے پہلے فیلڈ مارشل، سید عاصم منیر، آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ایک اہم اور تاریخی ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملاقات امریکی وقت کے مطابق سہ پہر ایک بجے وائٹ ہاؤس میں ہو گی۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی فیلڈ مارشل کی براہ راست ملاقات کسی امریکی صدر سے ہو رہی ہے۔ ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان عسکری اور اسٹریٹجک اعتماد میں اضافے کا اہم مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے، جس میں امریکی کابینہ کے سینئر ارکان کی شرکت بھی متوقع ہے۔ یہ ملاقات پاک امریکہ تعلقات میں ایک نیا اور مثبت موڑ تصور کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ ملاقات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، خصوصاً ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازع، کے تناظر میں بھی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
یاد رہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے بھی اپنے دور حکومت میں امریکی صدور سے بطور صدر پاکستان ملاقاتیں کی تھیں، جب کہ جنرل راحیل شریف نے 2015 اور جنرل قمر جاوید باجوہ نے 2022 میں واشنگٹن کے دورے کیے تھے۔
صدر ٹرمپ کا حالیہ کردار پاک امریکہ جنگ بندی میں بھی نمایاں رہا ہے، جس پر عالمی سطح پر مثبت ردعمل دیکھنے کو ملا۔ آج کی ملاقات کو مستقبل کے دوطرفہ تعلقات کی سمت متعین کرنے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔