LOADING

Type to search

اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) امریکی ناظم الامور کا کراچی کا دورہ، تجارتی و کاروباری تعلقات مضبوط بنانے پر زور

Share this to the Social Media

تحریر ریحان خان

اسلام آباد، جمعہ، 25 اپریل 2025 (بگ ڈیجٹ): امریکہ کی ناظم الامور نیتھلی بیکر نے 23 سے 24 اپریل تک کراچی کا دورہ کیا جس کا مقصد پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینا اور کاروباری شراکت داری کو وسعت دینا تھا۔

امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، اپنے دو روزہ دورے کے دوران نیتھلی بیکر نے پاکستان کی نمایاں کمپنیوں کے سینئر عہدیداران سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں اقتصادی رجحانات، سرمایہ کاری کے مواقع اور تجارتی تعاون کو بڑھانے کے لیے حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت میں پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے روابط، کاروباری ماحول میں بہتری کے لیے جاری اصلاحات، اور علاقائی تجارتی انضمام جیسے امور بھی زیر بحث آئے۔

نیتھلی بیکر نے نجی شعبے کی قیادت کو اقتصادی ترقی کا محرک قرار دیتے ہوئے کہا، ’’امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنی اقتصادی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مضبوط کاروباری روابط کو مشترکہ خوشحالی کی کنجی سمجھتا ہے۔‘‘

انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر صوبائی حکام سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔ ان ملاقاتوں میں منصفانہ اور باہمی تجارت، توانائی کے شعبے میں تعاون، اور سائنس و ٹیکنالوجی میں اختراعات کے فروغ جیسے موضوعات زیر غور آئے۔

نیتھلی بیکر نے امریکن بزنس کونسل کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور پاکستان کے ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبے میں مواقع پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا، ’’پاکستان کا بڑھتا ہوا ٹیکنالوجی سیکٹر یہ ظاہر کرتا ہے کہ کس طرح کھلے، منصفانہ اور مسابقتی بازار جدت کو فروغ دے سکتے ہیں، برآمدات میں اضافہ کر سکتے ہیں اور ایسی ملازمتیں پیدا کر سکتے ہیں جو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ہوں۔‘‘

ان کا یہ دورہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے امریکہ کے عزم کا عکاس تھا، جس کا مقصد تجارت میں توسیع، سرمایہ کاری میں اضافہ اور کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے تاکہ خوشحالی، استحکام اور مشترکہ ترقی کو فروغ دیا جا سکے

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *