اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) کینسر جیسے موذی مرض سے بہادری کے ساتھ نبرد آزما ننھے محمد فرقان کی پولیس افسر بننے کی خواہش پوری
اسلام آباد (بگ ڈیجٹ) کینسر جیسے موذی مرض سے بہادری کے ساتھ نبرد آزما ننھے محمد فرقان کی پولیس افسر بننے کی خواہش پوری۔کاوش فاؤنڈیشن اور فوجی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ’’میک اے وش‘‘ اقدام کے تحت آئی جی اسلام آباد کیپٹن ریٹائرڈ محمد سہیل چوہدری کی خصوصی ہدایت پر کینسر سے نبرد آزما بچے کو ایک دن کے لیے اسلام آباد پولیس میں اعزازی ایس پی تعینات کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کینسر جیسے موذی مرض سے بہادری کے ساتھ نبرد آزما ننھے محمد فرقان کی پولیس افسر بننے کی خواہش کو عملی جامہ پہنا دیا گیا۔ کاوش فاؤنڈیشن اور فوجی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ’’میک اے وش‘‘ اقدام کے تحت انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی خصوصی ہدایت پر محمد فرقان کو ایک دن کے لیے اسلام آباد پولیس میں اعزازی طور پر ایس پی کا رینک دیا گیا۔اس موقع پر ننھے محمد فرقان کا اسلام آباد پولیس میں پرتپاک استقبال کیا گیا۔ انہیں پولیس افسر کی ذمہ داریوں، پیشہ ورانہ امور اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔ اس اقدام کا مقصد ان کے چہرے پر خوشی لانے کے ساتھ ان کے حوصلے اور عزم کو تقویت دینا تھا۔بعد ازاں ننھے ایس پی محمد فرقان نے تھانہ آئی نائن کا دورہ کیا، جہاں پولیس افسران نے انہیں تھانے کے مختلف شعبوں، روزمرہ امور، شہریوں کی شکایات کے اندراج اور ان کے ازالے کے طریقہ کار، تفتیشی عمل اور جرائم کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہیں بتایا گیا کہ پولیس کس طرح شہریوں کی جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اپنے فرائض انجام دیتی ہے۔اس موقع پر ننھے ایس پی محمد فرقان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسر بننا ان کی خواہش تھی اور آج اسلام آباد پولیس کا حصہ بن کر انہیں بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس خواہش کو پورا کرنے پر اسلام آباد پولیس، کاوش فاؤنڈیشن اور فوجی فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ بھی بڑے ہو کر لوگوں کی مدد کرنا اور ان کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں۔محمد فرقان کے بڑے بھائی نعمان ایاز نے اپنے پیغام میں کہا کہ کاوش فاؤنڈیشن اور فوجی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ان کے بھائی کی خواہش پوری ہونے پر ان کا خاندان بے حد خوش ہے۔ انہوں نے اس خوبصورت اقدام پر دونوں اداروں اور اسلام آباد پولیس کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس یادگار دن نے محمد فرقان کے چہرے پر خوشی اور مسکراہٹ بکھیر دی ہے۔اسلام آباد پولیس کے افسران نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینا ایک قابلِ قدر عمل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے اقدامات کے ذریعے ننھے پھولوں کی خواہشات پوری کرنے اور ان کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔اسلام آباد پولیس شہریوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشرے کے ہر طبقے کے لیے ہمدردی، خدمت اور احساسِ ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینے کے لیے بھی پرعزم ہے






