ایبٹ آباد، 06 دسمبر 2025 (بگ ڈیجٹ):صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم ارشد ایوب خان نے ایبٹ آباد پبلک اسکول کا دورہ کیا اور سالانہ تقسیمِ انعامات کی تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ سکول آمد پر پرنسپل اختر علی قریشی، اساتذہ اور طلبہ نے صوبائی وزیر تعلیم کا پرتپاک استقبال کیا،
ایبٹ آباد ( رپورٹ ملک رضوان چوہان ) صوبائی وزیر نے سکول کے نئے بورڈ روم کا باقاعدہ افتتاح کیا اور مختلف شعبوں، لیبارٹریز اور کلاس رومز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طلبہ کے تیار کردہ سائنسی ماڈلز اور پروجیکٹس کا جائزہ لیا اور طلبہ کی تخلیقی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید سائنسی بنیادوں پر تیار کیے گئے یہ پراجیکٹس اساتذہ کی لگن اور رہنمائی کا نتیجہ ہیں۔
تقریب سے خطاب میں ارشد ایوب خان نے کہا کہ اس تاریخی تعلیمی ادارے کا دورہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے دادا کے بھائی، سردار بہادر، اس اسکول کے بانیوں میں شامل تھے، اور یہ ادارہ آج بھی مستقبل کی قیادت تیار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کی کارکردگی ان کی محنت اور جذبے کا ثبوت ہے۔ پاکستان کو آئندہ دور میں نئی سوچ، نئے آئیڈیاز اور ٹیکنالوجی پر عبور رکھنے والے نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ دنیا تیزی سے جدیدیت کی طرف بڑھ رہی ہے اور مصنوعی ذہانت جیسی ٹیکنالوجیز تعلیم کے طریقہ کار کو بدل رہی ہیں۔
ارشد ایوب خان نے کہا کہ طلبہ، والدین اور اساتذہ کی مشترکہ محنت ہی کامیابی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عزم و ہمت اور نظم و ضبط کے ساتھ آگے بڑھیں اور ملک کا نام روشن کریں۔
صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ اسکول کو درپیش مسائل آئندہ بورڈ میٹنگ میں حل کیے جائیں گے اور یہ میٹنگ ایبٹ آباد پبلک اسکول ہی میں منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ آج کیے گئے تمام وعدے پورے کیے جائیں گے۔
پرنسپل ایبٹ آباد پبلک اسکول اختر علی قریشی نے اپنے خطاب میں بتایا کہ سکول نے گزشتہ برس بورڈ امتحانات میں شاندار نتائج حاصل کیے۔
نویں جماعت میں 106 طلبہ نے اے ون اور اے گریڈ حاصل کیا۔
میٹرک کے امتحانات میں 79 طلبہ اے ون گریڈ کے ساتھ کامیاب ہوئے۔
انٹرمیڈیٹ پارٹ ون میں 59 جبکہ پارٹ ٹو میں 64 طلبہ نے اے ون اور اے گریڈ حاصل کیا۔
پرنسپل نے مزید کہا کہ سکول میں تعلیمی معیار کے ساتھ ساتھ طلبہ کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی بھرپور اہمیت دی جاتی ہے اور رواں سال اے پی ایس کے طلبہ نے ملک بھر میں منعقدہ مختلف سپورٹس فیسٹیولز میں حصہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر اسکول کے ایڈیٹوریم کی تعمیر جاری ہے، جبکہ اے پی ایس کو کیمبرج اور آکسفورڈ کا آفیشل امتحانی مرکز بھی مقرر کیا گیا ہے۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔









