راولپنڈی (بگ ڈیجٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ٹیم میں متحرک اور پیشہ ور افسران کی موجودگی، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس اور قانون کی بالادستی کے وژن کی عکاسی
راولپنڈی (بگ ڈیجٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ٹیم میں متحرک اور پیشہ ور افسران کی موجودگی، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس اور قانون کی بالادستی کے وژن کی عکاسی
چیف سیکیورٹی آفیسر ایس پی احمد زنیر چیمہ کی لاہور و ملتان میں محکمانہ احتساب کی کارروائیاں، راولپنڈی میں قبضہ مافیا، مسلح گروہوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشنز پیشہ ورانہ ریکارڈ کا حصہ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ٹیم میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں، انتظامی تجربے اور عملی پولیسنگ کا پس منظر رکھنے والے افسران کی موجودگی صوبائی حکومت کی شفافیت، قانون کی بالادستی اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی ترجیحات کے تناظر میں اہمیت رکھتی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے چیف سیکیورٹی آفیسر (سی ایس او) ایس پی احمد زنیر چیمہ کی راولپنڈی، لاہور اور ملتان میں سابقہ تعیناتیوں کے دوران محکمانہ احتساب، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشنز اور امن و امان کے قیام سے متعلق اقدامات ان کے پیشہ ورانہ ریکارڈ کا حصہ ہیں۔
ایس پی احمد زنیر چیمہ نے لاہور میں بطور ایس پی ہیڈکوارٹر تعیناتی کے دوران پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور جعلی حاضری کے معاملے پر چار اہلکاروں کو معطل کرکے محکمانہ انکوائری کا حکم دیا۔ ملتان میں بطور ایس ایس پی آپریشنز شہری پر مبینہ تشدد کے معاملے میں چار ڈولفن اہلکاروں کی معطلی سمیت محکمانہ نظم و ضبط سے متعلق اقدامات کیے گئے، جبکہ رشوت اور غیر قانونی اثر و رسوخ کے ذریعے پولیس معاملات پر اثرانداز ہونے کی کوششوں کے خلاف بھی قانونی کارروائیاں سامنے آئیں۔
راولپنڈی میں بطور ایس پی صدر تعیناتی کے دوران احمد زنیر چیمہ نے چونترہ، چکری اور گردونواح میں مسلح گروہوں، قبضہ مافیا اور غیر قانونی اسلحے کے خلاف پولیس آپریشنز کی نگرانی کی۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے متعلق مسلح تصادم اور امن و امان کی صورتحال کے دوران پولیس کارروائیوں میں متعدد مشتبہ افراد کی گرفتاری اور اسلحے کی برآمدگی سامنے آئی۔ لاہور میں غیر قانونی اسلحے کی نمائش کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں بھی ان کے آپریشنل تجربے کا حصہ رہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی پولیس اصلاحات سے متعلق ترجیحات میں محکمے کی کارکردگی میں بہتری، بدعنوانی کی روک تھام، شہریوں کا تحفظ اور قانون کا بلاامتیاز نفاذ شامل ہیں۔ ان کی سیکیورٹی ٹیم میں محکمانہ احتساب اور فیلڈ آپریشنز کا تجربہ رکھنے والے افسران کی موجودگی ان انتظامی ترجیحات سے مطابقت رکھتی ہے۔ تاہم کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کی مستقل کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ شفاف تحقیقات، مؤثر نگرانی اور جواب دہی کا عمل ہر سطح پر یکساں طور پر جاری رہے۔